پختونوں کے وسائل اسلام کے نام پر غصب کئے جا رہے ہیں، ایمل ولی

پختونوں کے وسائل اسلام کے نام پر غصب کئے جا رہے ہیں، ایمل ولی

لکی مروت(نمائندہ شہباز)عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پختونوں کی سرزمین پر اسلام اور کفر کی جنگ نہیں بلکہ  ہمارے وسائل پر قبضے کے لئے اسلام کا نام استعمال کیا جارہا ہے، پختون من الحیث القوم مسلمان ہیں تو ان کی سرزمین پر اسلام اور کفر کی جنگ کہاں سے آگئی؟  دراصل اس جنگ کی آڑ میں ہماری مساجد شہید کی گئیں بے گناہ پختونوں کے خون سے اس سرزمین کو رنگین کیا گیا جنہوں نے یہ جنگ مسلط کی وہ جہاد کی تعلیمات سے نابلد ہیں۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے زنگی خیل میں ڈاکٹر بشیر کی رہائشگاہ پر ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان ضلع لکی مروت کے تین روزہ دورے پر ہیں، انہوں نے زنگی خیل میں خدائی خدمتگاران شیر محمد خان، دین محمد خان اور پیر محمد خان کی قبروں پر حاضری دی، چادر چڑھائی اور ان کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔

 

انہوں نے خدائی خدمتگار شاہ ولی خان کی وفات پر ان کے لواحقین سے تعزیت بھی کی۔ ایمل ولی خان نے لکی سٹی میں انجینئر لطیف اللہ خان کی رہائشگاہ پر پارٹی کے تنظیمی اجلاس میں شرکت کی، مقامی عہدیداروں اور کارکنوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ان پر زور دیا کہ وہ تنظیمی ڈھانچہ مضبوط کریں اور عوام کے ساتھ رابطے بڑھا کر باچا خان کے عدم تشدد کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔


 

ایمل ولی خان نے کہا کہ پختونوں کی سرزمین پر وسائل کی جنگ لڑی جارہی ہے خیبر پختونخوا ضرورت سے دو گنا زائد بجلی پیدا کرتا ہے لیکن یہاں بجلی کی سہولت ہے نہ ہی منافع کی مد میں اربوں روپے ادا کئے جارہے ہیں،8سال سے پختونخوا کو بجلی کی مد میں منافع کی رقم نہیں ملی ہے جبکہ نااہل صوبائی حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ہم اپنے وسائل پر اسی طرح کا اختیار چاہتے ہیں جیسا پنجاب کو حاصل ہے جو جب چاہتا ہے دیگر صوبوں کو گندم کی فراہمی بند کردیتا ہے، ہمارا صوبہ تیل، گیس اور دیگر معدنیات سے مالا مال ہے لیکن اس کے باوجود پیچھے جارہاہے اور پختون بنیادی ضرورتوں و ترقی کے ثمرات سے محروم ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ وسائل پر اختیار کی جنگ باچا خان نے انگریزوں سے لڑی اور آج وہی جنگ ہم ان کے غلاموں اور وفاداروں سے لڑ رہے ہیں،وقت آگیا ہے کہ پختون اپنے حقوق اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لئے بیدار ہوں اور اپنی صفوں میں اتحاد لائیں، عوامی نیشنل پارٹی اپنے وسائل پر اختیار اور پختونوں کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔
 

اے این پی کے صوبائی صدر نے تاجہ زئی میں بھی پارٹی کے تنظیمی اجلاس میں شرکت کی جبکہ درہ پیزو میں محمد شعیب اور بیگو خیل میں ہمایون خان مروت کے حجروں میں جلسوں سے خطاب کیا، دیگر مقررین میں ایم پی اے شگفتہ ملک، سابق ایم پی ایز یاسمین ضیا و گل صاحب خان، ممبر صوبائی کونسل ملک ریاض، تیمور باز خان،ضلعی صدر ملک علی سرور خان، جنرل سیکرٹری فرمان اللہ، ممریز خان، محمد شعیب خان، خالد خان، شاہ سوار خان، سبیل زمان، اختر خان، ریاض مروت، انجینئر لطیف اللہ خان، عمران اللہ بیگو خیل، ہمایون خان مروت اور دیگر قائدین شامل تھے۔