بلدیاتی الیکشن میں عوام حکمران جماعت سے بدلہ لیں گے، سکندر شیرپاؤ

بلدیاتی الیکشن میں عوام حکمران جماعت سے بدلہ لیں گے، سکندر شیرپاؤ

چارسدہ(شہباز نیوز )قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ عوام آنے والے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کو بری طرح مسترد کریں گے کیونکہ ہوشربا مہنگائی و پسماندگی اور بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا مشکل کردیا ہے۔

 

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتمانزئی ضلع چارسدہ میں پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

اس موقع پر قومی وطن پارٹی تحصیل چارسدہ کے امیدوار آصف کمال خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ 19دسمبر کو عوام پی ٹی آئی کی تابوت میں آخری کیل ٹونک کر ان سے ہوشربا مہنگائی کا بدلہ ووٹ کے ذریعے لیں گے

 

انھوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں کے اشاروں پر چل کر عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ رہی ہے جبکہ ملک کو بیرونی قرضوں تلے ڈبو دیا ۔انھوں نے کہا کہ ملک میں کسی چیز کا نرخ معلوم نہیں آج اگر چینی وآٹا اور گھی کا ایک نرخ ہے تو کل دوسرا ہو گاجس سے اندازہ ہوتا ہے کہ نااہل حکمران ملک کے انتظامی معاملات چلانے کے لائق نہیں۔

 

انھوں نے کہا کہ گزشتہ ایک مہینے کے دوران تیل مصنوعات کی قیمتوں میں تین جبکہ بجلی کے نرخوں میں متعدد بار اضافہ کیا گیاجس سے جاری مہنگائی نے طوفان کی شکل اختیار کرکے غریب عوام کو بری طرح متاثر کیا۔ ملک کی معاشی حالات روبروز ابتر ہو رہی ہے، ڈالر کی اونچی اڑان سے مہنگائی کی شرح مزید بلند ہو گئی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں اور ملک کی خود مختاری کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیاگیا ہے۔