
رائو انوار کی بریت کیخلاف پشاورپریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
پشتون تحفظ موومنٹ کے زیراہتمام کراچی میں نقیب اللہ محسود کے قتل میں نامزد ملزم ایس پی راؤ انوار کی بریت کے فیصلے کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرے کی قیادت پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین نے کی ،
اس موقع پر پشتون تحفظ موومنٹ کے قائدین اور کارکن موجود تھے مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر مطالبات درج تھے مظاہرین نے دہشت گردی نامنظور پشتون پروفائلنگ نامنظور کے نعرے لگائے
مظاہرے سے منظور پشتین سمیت پشتون تحفظ موومنٹ کے دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ظلم اور بربریت کی داستان رقم کرنے والے راؤ انوار کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ نقیب اللہ محسود کے خاندان سمیت راؤانوار کے ہاتھوں قتل ہونے والے 444 افراد کے خاندانوں کو انصاف دیا جا سکے
مقررین نے کہا کہ ایک طرف قومی اسمبلی کے منتخب ممبر علی وزیردو سال سے جیل میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں اور عدالت ان کو ضمانت دینے کو بھی تیار نہیں
جبکہ دوسری طرف پولیس کے ایک اعلی افسر ثناء اللہ عباسی کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نقیب اللہ محسود اوران کے دیگرساتھی کئی واقعات میں راؤ انوار ہی مجرم ثابت ہوئے ہیں تو ان کو بری کر دیا گیا ہے
یہ فیصلہ راؤ انور کے ہاتھوں قتل ہونے والے 444 افراد کے خاندانوں کے ساتھ مزید ظلم ہے تاہم وہ عدالتوں میں انصاف کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور ہر پلیٹ فارم ہر سطح پر پشتونوں کے تحفظ کی تحریک کو جاری رکھا جائے گا۔