پاکستان کے اندرونی وبیرونی قرض میں 16 ہزار ارب کا اضافہ 

 پاکستان کے اندرونی وبیرونی قرض میں 16 ہزار ارب کا اضافہ 

 اسلام آباد (این این آئی)وزارت خزانہ نے اندرونی وبیرونی قرض کی تفصیلات سینٹ میں پیش کر دیں جس کے مطابق تین سال میں پاکستان کے اندرونی قرض میں 10 ہزار ارب کا اضافہ ہوا۔

 

جمعہ کو سینٹ میں وقفہ سوالات کے دور ان وزارت خزانہ نے بتایاکہ جون 2018 میں ملک کے اندرونی قرض 16 ہزار ارب تھے،وزارت خزانہ نے کہاکہ اگست 2021 تک اندرونی قرض 26 ہزار ارب سے بڑھ گئے،تین سالوں کے دوران ملک کے بیرونی قرض میں ساڑھے 6 ہزار ارب کا اضافہ ہوا۔

 

وزارت خزانہ نے کہاکہ جون 2018 میں بیرونی قرض ساڑھے 8 ہزار ارب تھا،اگست 2021 تک بیرونی قرض ساڑھے 14 ہزار ارب سے تجاوز کر گئے۔وزارت خزانہ نے کہاکہ جون 2018 میں ملک پر کل قرض 25 ہزار ارب روپے تھا،اگست 2021 تک ملک کا کل قرض 41 ہزار ارب تک پہنچ گیا۔

 

سینٹ میں گزشتہ 3 سالوں میں سود کی ادائیگیوں کی تفصیلات پیش کر دی گئیں جس کے مطابق حکومت قرضوں پر سود کی ادائیگی کی مد میں 7 ہزار 460ارب روپے ادا کر چکی۔ جمعہ کو وقفہ سوالات کے دور ان تفصیلات وزارت خزانہ نے ایوان بالا میں پیش کیں۔

 

وزارت خزانہ کے مطابق حکومت قرضوں پر سود کی ادائیگی کی مد میں 7 ہزار 460ارب روپے ادا کر چکی ہے ،تین سال میں سرکاری قرضوں میں 14 ہزار 906 ارب کا اضافہ ہوا،تین سالوں کے دوران سود کی مد میں 50 فیصد ادائیگی کی گئی۔

 

وزارت خزانہ نے تحریری جواب میں بتایاکہ سرکاری قرضوں میں واضح کمی آ رہی ہے،سال2020,21 میں ڈیٹ ٹو جی ڈی پی کی شرح 4 فیصد کم ہوئی ،رواں مالی سال ڈیٹ ٹو جی ڈی پی کی شرح میں 2 سے 3 فیصد کمی کا امکان ہے