حکمرانوں کو عام انتخابات کے بعد چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، حیدر ہوتی

حکمرانوں کو عام انتخابات کے بعد چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، حیدر ہوتی

کاٹلنگ(نمائندہ شہباز)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور قومی اسمبلی کے رکن امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ اے این پی کا دامن صاف ہے،پانامہ پنڈورا باکس سمیت کسی بھی مالیاتی سکینڈل میں پوری لیڈر شپ کا نام نہیں آیا ہے،اے این پی کے کارکنان بلدیاتی اور قومی الیکشن کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں،ایک نئے جوش و ولولے سے میدان میں اتر یں گے، الیکشن کے بعد مخالفین کو سرچھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

 

وہ اے این پی کاٹلنگ کے صدر فضل الرحمان بن یامین کے حجرے میں عوامی نیشنل پارٹی ضلع مردان کے اہم فورم مشاورتی فعالیاتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس سے اے این پی ضلع مردان کے قائم مقام صدر سید محمد جمال باچا ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری ہارون خان،سابق ایم این اے حمایت اللہ مایار،سابق ایم پی ایز سید اور دیگر عہدیداروں نے خطاب کرتے ہوئے مختلف تجاویز پیش کئے۔اجلاس میں اے این پی صوبہ سندھ کے صدر شاہی سید خان نے مبصر کی حیثیت سے شرکت کی اور کمیٹی کی کارکردگی کو زبردست الفاظ میں سراہا گیا۔

 

امیر حیدر خان ہوتی نے کہاکہ ڈسپلن قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اختلافی امور میڈیا یا سوشل میڈیا پر اچھالنے کی اجازت بالکل نہیں ہے،ہر قسم اختلافی امور متعلقہ فورم پر لانا ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا دامن صاف ہے،ملک کی زیادہ تر جماعتوں کے لیڈروں کے نام پانامہ پینڈورا باکس اور دیگر مالیاتی سکینڈلز میں آتے رہتے ہیں، اللہ پاک کے فضل وکرم سے ہماری لیڈر شپ کا نام کسی بھی مالیاتی سکینڈل میں نہیں آیا۔

 

انھوں نے اے این پی کے کارکنوں پر زور دیاکہ وہ خطے میں تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں اپنے آپ کو الرٹ رکھیں۔ہم جمہوری اور پارلیمانی سیاست پر یقین رکھتے ہوئے الیکشن بلدیاتی ہو یا جنرل بھر پور حصہ لیکر کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔

 

اجلاس میں بعض امور کے سلسلے میں اہم فیصلے کئے گئے،اجلاس میں اے این پی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن حاجی فاروق اکرم خان کی والدہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کی اور مرحومہ کی ایصال ثواب کے ئے فاتحہ پڑھی گئی۔