
کابل میں خودکش دھماکا، 20 سے زائد افراد ہلاک
افغان دارالحکومت کابل میں وزارت خارجہ کے دفتر کے سامنے خود کش دھماکے میں 20 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں ایک خودکش بمبار نے خود کو وزارت خارجہ کے دفتر کے سامنے دھماکے سے اڑالیا، واقعے میں 20 کے قریب افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
کابل میں طالبان حکومت کے اہلکار استاد فریدون نے ایک وٹس ایپ گروپ میں بتایا کہ خود کش دھماکا مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے ہوا۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعے میں بدقسمتی سے ہلاکتیں ہوئی ہیں، سیکیورٹی ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئی ہیں۔
طالبان کا دعویٰ ہے کہ اگست 2021ء میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے سیکیورٹی میں بہتری آئی ہے لیکن اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں متعدد بم دھماکے اور حملے ہوچکے ہیں، جن میں سے اکثر کی ذمہ داری داعش کے مقامی دھڑے نے قبول کی ہے۔