
صوابی: یار حسین پولیس اسٹیشن پر دستی بم حملہ، ایک پولیس اہلکار زخمی
خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں دستی بم حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ یارحسین پولیس اسٹیشن پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے دستی بم حملہ کیا ہے۔
حکام نے دستی بم حملے میں زخمی پولیس اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا جبکہ واقعہ کی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ دنوں میں دہشت گردوں نے متعدد پولیس اسٹیشنز، چوکیوں، پولیس وینز اور سی ٹی ڈی دفتر پر حملے کیے۔
خیبر پختونخوا میں گزشتہ سال بھی خود کش حملوں سمیت دہشت گردی کے 400 سے زیادہ واقعات ہوئے۔ دہشت گردوں نے تھانوں سمیت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا۔