ٹی20ورلڈکپ:بھارت کوشکست دینےوالی ٹیم پر انعامات کی بارش

ٹی20ورلڈکپ:بھارت کوشکست دینےوالی ٹیم پر انعامات کی بارش

ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی اور بھارت کو شکست دینے والی ٹیم کے اعزاز میں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کھلاڑیوں کو فی کس 15 لاکھ روپے کا انعام دیا۔

 

نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں عشائیہ سے قبل چئیرمین پی سی بی رمیز راجا نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور اہم مشورے بھی دئیے، انہوں نے کہا کہ مجھے آپ سب ٹیم پر فخر ہے مزید بہتری کی ضرورت ہے ٹیم نمبر ون بن سکتی ہے۔ قومی ٹیم میں زیادہ تر کھلاڑی نوجوان ہیں اور ہمارا مستقبل بھی نوجوانوں پر مشتمل ہونا چاہیے۔

 

چیئرمین پی سی بی نے عشائیہ کی تقریب میں ہر کھلاڑی کو سٹیج پر بلایا اور تبادلہ خیال کیا، آپ سب لوگوں نے میرے ہوتے گھبرانا نہیں ہے، گراس روٹ لیول پر زیادہ تر توجہ دے رہے ہیں تاکہ اچھا ٹیلنٹ سامنے آسکے۔

رمیز راجا کپتان بابراعظم سے سوال کیا کہ آپ نے ورلڈکپ جیسے میجر ٹورنامنٹ میں کپتانی کی ہے نروس تو نہیں ہوئے کیسے لے کر چلتے رہے ٹیم کو؟ جس پر بابر نے کہا کہ ٹیم نے فیملی کیطرح ساتھ دیا ٹورنامنٹ میں محسوس نہیں ہوا کہ ورلڈ کپ میں کپتانی کررہے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے پوچھا بابر آپ کے لئے ورلڈکپ کا سب سے یادگار لمحہ کیا تھا؟ جس پر قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ بھارت کو ورلڈ کپ میں شکست دوں اور بھارت کو شکست دینا میرے لئے یادگار لمحہ تھا۔

 

چیئرمین پی سی بی نے شاہین آفریدی سے سوال کیا کہ آپ ہمارے سپر سٹار ہیں آپکی پرفارمنس بہترین ہے امید کرتا ہوں آئندہ آپکی پرفارمنس سے پاکستان میچز جیتتا رہے گا۔

 

رمیز راجا نے کہا کہ یہ کیش پرائز آپکی محنتوں کے نتیجے میں کم ہے لیکن پھر بھی یہ حوصلہ افزائی کرنا چاہتا تھا امید کرتا ہوں آپ آئندہ سیریز اور پی ایس ایل میں بہترین پرفارمنس دینگے۔

 

تقریب میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، سرفراز احمد،عماد وسیم، شاہنواز دھانی، ساجد خان،عابد علی،ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور چیف سلیکٹر محمد وسیم سمیت دیگر نے شرکت کی جبکہ حسن علی، شاداب خان اور محمد حفیظ کراچی میں نجی مصروفیت کے سبب شریک نہیں ہوسکے۔

 

واضح رہے کہ قومی ٹی20 اسکواڈ کے ممبران کو 15 لاکھ جبکہ ریزرو کھلاڑیوں کو ساڑھے 4 لاکھ روپے کے کیش پرائز سے نوازا گیا ہے۔