
پختونخوا میں بڑھتی ہوئی بدامنی نازک حالات کی عکاسی کررہی ہے، ایمل ولی خان
عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے چارسدہ (ڈھیری زرداد) میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختونخوا میں بڑھتی ہوئی بدامنی نازک حالات کی عکاسی کررہی ہے۔
دہشتگرد کھلے عام پولیس سمیت عام عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ عوام کے اصل دشمن حالات کو اس نہج پر پہنچانے والے ہیں۔ تخت پنجاب کی لڑائی لڑنے والوں نے پختونخوا کو دہشتگردوں کے حوالے کرکے چھوڑ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں پولیس کو نشانہ بنانے کے بعد آج چارسدہ میں پولیس چوکی پر حملہ تشویشناک ہے۔ پی ٹی آئی نے نو سالہ دور اقتدار میں صوبے کو صرف دہشتگردی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کا تحفہ دیا ہے۔
دہشتگردوں کو ری سیٹل کرنے اور چندے دینے والوں کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔
ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ پختونخوا پولیس ہمارا فخر ہے، اے این پی دہشتگردی اور بدامنی کے خلاف پختونخوا پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ ڈھیری زرداد پولیس چوکی حملے میں زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔