ریاست مدینہ کی تعمیر کا سفر

ریاست مدینہ کی تعمیر کا سفر"ہمارے حق میں آواز بلند کرو"پر اختتام پذیر ہوا، ایمل ولی

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کی تعمیر کا سفر"ہمارے حق میں آواز بلند کرو"پر اختتام پذیر ہوا۔ ایبسلوٹلی ناٹ، سائفر، کیا ہم کوئی غلام ہیں سے 'ہمارے حق میں آواز بلند کرو' تک کا سفر طے کرنے پر ہم امریکا کے اصلی غلاموں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

 

چیئرمین پی ٹی آئی اور امریکن خاتون رکن کانگرس کے زوم آڈیو لیکس پر ردعمل دکھاتے ہوئے صدر اے این پی خیبر پختونخوا نے کہا کہ جھوٹ اور منافقت کبھی چھپ نہیں سکتی، یہ شخص ہر روز اپنی حقیقت خود سامنے لارہا ہے اس لئے ہم کہتے ہیں کہ یہ گند ہے اور گند کو ٹھکانے لگانا ہوگا۔ اگر ٹھکانے نہیں لگایا گیا تو جو حشر پاکستان کے پورے نظام کا کرچکے ہیں اسکو ٹھیک کرنے میں دہائیاں لگیں گی۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ روزاول سے ہمارا موقف تھا کہ اخلاقی، معاشی، سیاسی اور انتظامی طور پر پاکستان کی تباہی کے ذمہ داران یہی لوگ ہیں جنہوں نے نے امریکی سازش کا جھوٹا نعرہ لگایا اور عوام کو دھوکے میں رکھا۔ روحانیت کی آڑ میں تیسری بیوی سفید چادر پہنے کرپشن کی رانی بن گئی۔

 

ذات مفاد کیلئے دوسروں کے بچوں اور عورتوں کو سیاسی ڈھال بنایا لیکن  عوام اب فراڈیئے کو پہچان چکے ہیں مزید کسی کو دھوکے میں نہیں رکھا جاسکتا۔ سیاست ایک مقدس فریضہ ہے لیکن ان جیسے کرداروں کی وجہ سے سیاست ایک گالی بن کر رہ گئی تھی، پاکستان کی سیاست کے اس گند سے عوام تنگ آچکے ہیں، بہت جلد حتمی خاتمہ ہوجائیگا۔