بیانیوں کی سیاست 'عوامی مسائل کے حل پرتوجہ دی جائے

بیانیوں کی سیاست 'عوامی مسائل کے حل پرتوجہ دی جائے

مسلم لیگ کے قائد نواز شریف کی بیٹی اور مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز کی تقریر نے اپنی پارٹی کے مستقبل کو مزید مشکوک کیا ہے۔ مریم ہی نہیں بلکہ ان کے والد نواز شریف کو بھی یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ اب محض نعروں سے پاکستانی سیاست میں حاوی ہو جانے کا وقت گزر چکا ہے۔ اقتدار کے لئے درپردہ قوتوں پر سیاست دانوں کے انحصار نے ملک کو اس حالت تک پہنچا دیا ہے کہ ایٹمی طاقت کے حامل ملک کے پاس محض تین ارب ڈالر کے لگ بھگ زر مبادلہ موجود ہے اور آنے والے چند ماہ میں اسے دس ارب ڈالر محض قرضوں کی اقساط میں ادا کرنے کے لئے درکار ہیں۔مریم نواز نے اسحاق ڈار کی معاشی صلاحیتوں پر بھروسا کرنے کا مشورہ دیا ہے اور قوم کو یقین دلایا ہے کہ اللہ پر یقین رکھیں، اسحاق ڈار ہی اس ملک کو مشکل حالات سے باہر نکالیں گے۔ کسی بھی ملک کو تاریخ کے مختلف ادوار میں بحرانوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس حد تک تو پاکستان کو کوئی استثنا حاصل نہیں ہو سکتا لیکن اگر کوئی حکومتی ترجمان غلطیوں پر اصرار کرے اور ملک کی مشکلات کا ذکر آنے پر سیاسی مخالفین کو نشانہ بنا کر جان چھڑانا چاہے تو اندازہ کر لینا چاہیے کہ اس ملک کے لیڈروں میں مسائل کو سمجھنے اور وقت کے تقاضوں کے مطابق ان کا حل تلاش کرنے کی صلاحیت مفقود ہو چکی ہے۔ مسلم لیگ (ن)کی قیادت اور مرکزی حکومت میں اس کے نمائندے اس وقت اسی طرز عمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔مسلم لیگ(ن)کی قیادت کا خیال ہے کہ جیسے عمران خان نے گزشتہ نوماہ تک سیاسی مخالفین کو تختہ مشق بنا کر سیاسی مہم چلائی اور خود کو ایک مضبوط لیڈر کے طور پر پیش کیا ہے۔ اسی طرح اب مریم نواز کی قیادت میں مسلم لیگ(ن)بھی جوابی حملے کر کے عمران خان کی مقبولیت میں کمی لانے کا مقصد حاصل کر لیں گی۔ حالانکہ مسلم لیگ سمیت سیاسی عناصر اور تجزیہ نگار اس بات پر اتفاق کرتے ہیں کہ عمران خان کی منفی سیاسی مہم جوئی نے انہیں اور ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ پھر یہ کیسے گمان کر لیا جائے کہ اگر عمران خان کی بجائے مریم نواز کی سرکردگی میں مخالفین کی کردار کشی کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا جائے تو لوگ جوق در جوق ان کی باتوں پر صاد کہیں گے اور چند ماہ میں ہونے والے دو صوبوں کے انتخابات میں بیلٹ باکس نواز لیگ کی حمایت میں بھر دئیے جائیں گے۔  مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے اب اینٹی عمران مہم جوئی کا عزم کیا ہے اور مسلم لیگی عناصر یہ دعوے کر رہے ہیں کہ وہ کوئی ایسا بیانیہ سامنے لانے والی ہیں جو ملک کی تقدیر تبدیل کر کے رکھ دے گا۔ یہ دعوے سننے والے عوام کو ابھی یہ بات بھولی نہیں ہے کہ نواز شریف کی طرح مریم نواز بھی گزشتہ چار ماہ تک ملک سے غائب تھیں اور اس دوران عوام پر مہنگائی اور بدحالی کا ایک کے بعد دوسرا صدمہ گزرتا رہا ہے۔ لیڈر اگر عوام کی دلجوئی کے لئے مشکل وقت میں ان کے درمیان موجود نہ ہو تو اس کی قیادت مشکوک ہوجاتی ہے۔یہ قوم بیانیہ کے نام پر الزام تراشی کا کھیل سال ہا سال سے دیکھ رہی ہے۔ اب سیاست دانوں کی باتوں پر نہ تو یقین باقی رہا ہے اور نہ ہی ان کے وعدوں پر اعتبار کرنے کی کوئی بنیاد موجود ہے۔ ان سطور میں تواتر سے ملک کو موجودہ مشکل تک پہنچانے والے عوامل کا احاطہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز نے جب اپنی حکومت و سیاست کے خلاف مشرف کی طرف سے تبدیلی کے خلاف اعلان جہاد کیا تھا اور ووٹ کو عزت دو کو ماٹو کے طور پر پیش کیا گیا تھا تو ان سطور میں اس موقف کی پرزور تائید بھی کی جاتی رہی ہے۔ لیکن مریم نواز اور ان کے ہمنواوں کی اس رائے کی تائید نہیں کی جا سکتی کہ وہ عوامی رابطہ مہم کے نام پر سیاسی اختلافات کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیں۔مریم کا یہ دعوی بھی عوام کے لئے بے بنیاد اور ناقابل قبول ہے کہ موجودہ حکومت کے نو ماہ کا حساب کرنے سے پہلے عمران حکومت کے چار سال کا حساب لینا پڑے گا۔ یہ نعرہ چلے ہوئے کارتوس کی مانند ہے۔ مریم نواز کو اب سیاسی بلوغت کی اس سطح تک پہنچ جانا چاہیے کہ کوئی بھی سیاسی پارٹی اپنے دور حکومت میں کیے گئے کارناموں کو ہی بڑھا چڑھا کر پیش نہ کرتی رہے بلکہ اپنی غلطیوں کا اعتراف بھی کرے اور ان سے سبق سیکھنے کی کوشش کرے۔اسحاق ڈار نے گزشتہ روز ملکی معیشت کے بارے میں برملا کہا تھا کہ یہ دلدل میں پھنسی ہے اور اب اللہ ہی اسے بچائے گا کیوں کہ یہ ملک لا الہ کے نام پر بنا تھا۔ جس اللہ نے اسے بنایا ہے، وہی اسے موجودہ مشکل سے نکالے گا ۔ اسبیان میں ملکی معیشت کی کمزوریوں کا احاطہ کر کے ان سے نکلنے کا کوئی پیشہ ورانہ حل پیش نہیں کیا گیا تھا۔ امید کی جا رہی تھی کہ مسلم لیگ (ن)کی اعلی قیادت اس ناقص اور سیاسی ناکامی کے اعتراف پر مشتمل بیان کا نوٹس لے گی اور انہیں اس عہدہ کی ذمہ داریوں سے فارغ کیا جائے گا۔ حیرت ہے کہ نواز شریف سے ہدایات لے کر وطن واپس آنے والی مریم نواز نے اپنی تقریر میں اسحاق ڈار کی پر زور حمایت پر اصرار کیا ہے۔ ملکی معیشت کو تباہی کے گڑھے میں دھکیلنے والے ایک شخص کی غیرمشروط سیاسی حمایت مسلم لیگ کے لئے سیاسی موت کا پروانہ ثابت ہو سکتی ہے۔عمران خان پر طعن زنی کرتے ہوئے مریم نواز یہ کہہ رہی ہیں کہ انہیں تو یہ بھی معلوم نہیں کہ عوام کی حالت کیا ہے اور وہ اشیائے ضروریہ کس قیمت پر خریدتے ہیں جبکہ نواز شریف غریبوں کے غم میں گھلے جا رہے ہیں اور جلد وطن واپس آئیں گے۔ نواز شریف کا بدستور ملک سے باہر رہنے پر اصرار دراصل اپنے خلاف مقدمات میں قبل از وقت ضمانت اور بریت کا انتظام کرنا ہے۔ یہ رویہ کسی عوام دوست قومی لیڈر کے شایان شان نہیں۔ عوام کی حالت کو سمجھنا ہے تو ان کے ساتھ ملیں، ان کے شب و روز کا مشاہدہ کریں، نعرے لگانے کی بجائے ان مشکلات کا عملی حل تجویز کریں۔ اگر نون لیگ جیسی بڑی پارٹی کے پاس اسحاق ڈار کے علاوہ معیشت دیکھنے والا کوئی شخص موجود نہیں ہے تو یہ اس پارٹی کے لئے شدید پریشانی کا سبب ہونا چاہیے۔ نواز شریف کو اب رشتے داری اور سیاست میں حد فاصل قائم کر کے عملی اقدامات کا اعلان کرنا چاہیے۔مریم نواز کے ذریعے نفرت کی ایک نئی مہم سے دکھوں اور غموں کی ماری اس قوم کو مزید زیر بار نہ کیا جائے۔ ورنہ ایسا نہ ہو کہ عوام کا غصہ ان کو لے ڈوبے