
دہشت گردوں کے سامنے سرنڈر نہیں ہونگے
سوات(نمائندہ شہباز )سوات میں بدامنی کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری، خوازہ خیلہ میں ہزاروں افراد پر مشتمل عوام کا احتجاجی مظاہرہ ،
مظاہرے میں سوات کے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی'
مظاہرے سے عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ایوب خان اشاڑے ،پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے صوبائی راہنما مختیار خان یوسف زئی ،ڈاکٹر امجد ،عبدالجبار خان،باچا گل ، غیر ت یوسفزئی ،ڈاکٹر خالد محمود خالد اور دیگر نے مشتعل مظاہرین سے خطاب کیا '
ایوب خان اشاڑے نے کہا کہ سوات کے امن کسی بھی صورت دوبارہ خراب نہیں ہونے دینگے ،اس بار عوام بلا خوف وخطر احتجاجی مظاہروں میں شرکت اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ لوگ امن وامان چاہتے ہیں
انہوں نے کہا کہ شرعی نظام عدل کے نام پر علاقے میں بدامنی پھیلانا کونسی شریعت کا نفاذ ہے ،لوگوں سے روزگار چھینا اور قتل وغارت کا بازار لگانے والے عوام کو مزید ورغلا نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ سوات کے عوام نے خون کے نذرانے پیش کی اور اس کے بدولت امن قائم ہوا ' آج یہی لوگ دوبارہ نمودار ہوکر ایک بار پھر علاقے کے امن کو آگ لگانے کے لئے برسرپیکار ہیں لیکن ہم ان کو اس احتجاجی جلسہ عام سے اعلان کرتے ہیں کہ اس باریہاں کے عوام مزاحمت کا راستہ اپنائینگے لیکن دہشت گردوں کے سامنے سرنڈر نہیں ہونگے'
پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے راہنما مختیار خان یوسف زئی نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے پختون قوم کو ترقی کے دور سے دور رکھا گیا اور ایک سوچے سمجھی سازش کے تحت بدامنی کی جنگ میں دھکیل دیاگیا آج دنیا طرقی کی منازل طے کررہی ہیں اور ہم چالیس سالوں سے جنگ میں مبتلا ہیں'
انہوں نے کہ مزید کہا کہ سوات کے عوام اگر اس طرح متحد رہے تو کسی کی مجال نہیں کہ وہ ہمارے پرامن سوات کا امن تباہ کریں '
اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی سخت الفاظ میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ریاستی اداروں سے امن وامان بحال رکھنے پر زور دیا 'مشتعل مظاہرین نے سوات کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی بندش پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انٹرنیٹ سروس کو فوری طورپر بحال کیا جائے ۔