دیر بالا میں مختلف واقعات کے دوران 3خواتین سمیت 5افراد قتل 

دیر بالا میں مختلف واقعات کے دوران 3خواتین سمیت 5افراد قتل 

 دیر بالا ( نما ئندہ شہباز) دیر بالا میں 2 مختلف واقعات کے دوران 3خواتین سمیت 5افراد کو قتل کردیاگیا' پولیس نے ایک ملزم کوآلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ۔

 

جبکہ عشیرئی گا نشال میں غیرت کے نام پر قتل کی عرض سے کمرہ میں یرغمال بنائے گئے مرد و خاتون کو تھانہ گندیگار پولیس نے پانچ گھنٹے کے مذاکرات کے بعد زندہ بچا لیا۔

 

واقعات کے مطابق گزشتہ شب دیر بالا کے علا قہ شرینگل نارکن میں ناجائز تعلقات کی بنا ء پرایک خاتون کو مرد سمیت موت کے گھاٹ اتار دیا گیا فائرنگ کے دوران گھر کی سربراہ خاتون مسماة (ت ) بھی فائرنگ کی زد میں آکر جان بحق ہو گئیں' شرینگل پولیس نے اطلاع ملنے پر جا ئے وقوعہ پہنچ کر تینوں نعشوں کو اپنی تحویل میں لے کر ایک ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔

 

دوسرا واقعہ اتن درہ ما نڑئی میں پیش آیا جہاں ایک لڑکی مسماة(ط ) اور مطیع اللہ کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا 'تیسرا واقعہ عشیرئی گانشال میں پیش آیا جہاںگزشتہ روز ایک خاتون مسماة (ن ) اور قیوم نامی شخص کو ناجائز تعلقات استوار کرنے پر گائوں کے لوگوں نے ایک کمرے میں تالے لگا کر یرغمال بنایا اور ان کے قتل کی منصوبہ بندی کررہے تھے کہ ڈی پی او دیر بالا طارق اقبال کو اطلاع ملی۔

 

ڈی پی او کے حکم پر تھانہ گندیگار' جبر اور عشیرئی سے پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی  جہاں ڈی ایس پی روشن زادہ خان اور ایس ایچ اوتھانہ گندیگار جاوید اقبال خان نے علاقہ مشران سے 5گھنٹے مذاکرات کئے جس کے بعد خاتون اور مرد کو کمرے سے بحفاظت نکال کر تھانہ منتقل کیا گیا ۔