میرانشاہ میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری، مزید2نوجوان قتل

میرانشاہ میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری، مزید2نوجوان قتل

میرانشاہ(مزمل خان داوڑنمائندہ شہباز) شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں ٹارگٹ کلنگ کی واردات کے دوران نامعلوم افراد نے 2جوانسال لڑکوں کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق ٹوچی پار حیدر خیل میں شاخ بورخیل کے قریب نامعلوم افراد نے دو نوجوانوں سنیب ولد احسان اور دوست اللہ ولد کاظم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں دونوں متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے،پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یوتھ تنظیم کے سربراہ نور اسلام داوڑ کو بھی نامعلوم افراد نے نشانہ بناکر قتل کردیا تھا تاہم گزشتہ روز مزید 2نوجوانوں کے قتل سے علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جنہوں نے پولیس حکام سے وارداتوں کے تدارک کیلئے ٹھوس اقدامات اور ملوث افراد کی نشاندہی کرکے گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا۔