بیروزگاری اور مہنگائی ، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، سردار بابک

بیروزگاری اور مہنگائی ، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، سردار بابک

پشاور(سٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و صوبائی پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ حکومت قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے جنگی اور ہنگامی بنیادوں پر فنڈز کی دستیابی یقینی بنائے۔صوبے کے طول وعرض میں کورونا وبا کے ساتھ ساتھ ڈینگی کی بیماری روز بروز پھیلتی جارہی ہے۔ ڈینگی سے بچااور علاج معالجے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

 

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا سے  ایک طرف قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں تو دوسری جانب بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ کمرتوڑ مہنگائی اور آئے روز اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں بار بار اضافے نے عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت حالات کا مقابلہ کرنے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومتی ذمہ داران غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور عوام کی مشکلات پر فکرمند نہیں دکھائی دے رہے ہیں۔ حکومت عوام کے دکھ درد کا ادراک کرتے ہوئے انکی حالات زار پر رحم کرے اور انکی مشکلات دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائے۔

 

انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اور بے تحاشہ مہنگائی نے عوام کو ذہنی کوفت میں مبتلا کر دیا ہے اور انکی زندگی مفلوج بناکر رکھ دی ہے۔ حکومت عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی ترجیحات کو عوام کی مشکلات کے حل کیلئے متعین کرے ۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور وہ اپنے مسائل کے حل کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو بے تاب ہیں۔عوام کو مزیداندھیرے میں رکھنے کے نتائج نقصان دہ ہوں گے۔ حکومت عوام کے جذبات اور احساسات کی قدر کرے اور عوامی مسائل حل کرنے کے لئے ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔