پاکستان کیخلاف سیریز کیلیے ویسٹ انڈیز ٹیم کراچی پہنچ گئی

پاکستان کیخلاف سیریز کیلیے ویسٹ انڈیز ٹیم کراچی پہنچ گئی

پاکستان کے خلاف ٹی20 اور ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی۔

 

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو سخت سيکيورٹی ميں ايئرپورٹ سے ہوٹل لے جايا جائے گا، جہاں کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے کوویڈ-19 ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ کوویڈ-19 کی رپورٹ منفی آنے کے بعد کھلاڑیوں کو کل سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کی اجازت ہوگی۔

 

دوسری جانب بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ ڈھاکا سے بذریعہ دبئی وطن پہنچ گیا ہے۔

 

واضح رہے کہ پاکستان اور ويسٹ انڈيز کے درميان تین ٹی20 اور تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی، سیریز کا پہلا میچ 13 دسمبر کو کراچی میں ہوگا۔

 

دورہ پاکستان سے قبل ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، کپتان کیرون پولارڈ اَن فٹ ہوکر دورہ پاکستان سے دستبردار ہوچکے ہیں۔

 

یاد رہے کہ اپریل 2018 کے بعد یہ ویسٹ انڈیز کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ مہمان ٹیم تین ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے ‏‏2018 میں پاکستان آئی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے آخری مرتبہ 2006 میں پاکستان کی سرزمین پر کوئی ون ڈے ‏انٹرنیشنل سیریز کھیلی تھی۔