افغانستان میں قیام امن کیلئے مخلصانہ کوششیں کررہے ہیں، وزیرخارجہ

افغانستان میں قیام امن کیلئے مخلصانہ کوششیں کررہے ہیں، وزیرخارجہ

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، مجموعی علاقائی سلامتی، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،پاکستان افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا، افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ناگزیر ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بے جا پابندیوں کے خاتمے اور خطے میں قیام امن کیلئے برطانیہ سمیت عالمی برادری کو مثبت کردار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل، وقت کی اہم ضرورت ہے ،برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

دریں اثناء بنگلا دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان بنگلا دیش سمیت خطے کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ، برابری کی سطح پر، اچھے دو طرفہ روابط کا خواہاں ہے ۔

بنگلا دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی نے وزیر خارجہ کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے کی جانیوالی سفارتی کاوشوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ادھر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود متعدد امور پر تبادلہ خیال کیاگیا جن میں کورونا عالمی وبا کی صورتحال، وبا کے پیش نظر معاشی بحالی، عالمی قرض میں رعایت کے لئے کوششوں، ترقی پزیر ممالک کو مساوی بنیادوں پر ویکسین کی فراہمی، امن کے قیام کے لئے کاوشوں، تنازعہ جموں وکشمیر اور افغان امن عمل شامل ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشکلات کے اس دور کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی قیادت کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ نے دوسری مدت کے لئے اس عہدے پر ان کی دستیابی کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے آئندہ پانچ سال کی مدت کے لئے جناب انتونیو گوتیرس کی دوبارہ تقرری کے لئے پاکستان کی طرف سے بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے کثیرالقومیت کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا جس میں اقوام متحدہ کا مرکزی کردار ہو جو اپنے متعین کردہ مینڈیٹ کے حصول کے ساتھ رکن ریاستوں کی توقعات پر پورا اترسکے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مختلف شعبہ جات میں تنظیم کے امور کار موثر طور پر انجام دینے میں پاکستان کی تعمیری کاوشوں کو قابل قدر گردانتے ہوئے پاکستان کو ’’اقوام متحدہ کا بنیادی شراکت دار‘‘ قرار دیا۔دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ افغان امن عمل کو مشاورت سے آگے بڑھانا اور ایسا انداز اپنانا چاہئے جو افغانستان اور خطے میں پائیدار امن و استحکام اور خوشحالی کا موجب بنے۔