الوداع بابائے صحافت

الوداع بابائے صحافت

خیبرپختونخوا کے سینئر ترین صحافی اور پشتو روزنامہ وحدت کے بانی پیرسفید شاہ ہمدرد تقریباً 90سال کی عمر میں گذشتہ روز دار فانی سے کوچ کرگئے۔ تقریبا 70 سال تک صحافت سے وابستہ رہنے والے پیر سفیدشاہ ہمدرد کو حکومت پاکستان نے دو مرتبہ صدارتی ایوارڈز، تمغہ حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز سے نوازا۔ حال ہی میں افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ان کی خدمات پر انہیں گولڈ میڈل بھیجا تھا۔پیر صاحب آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی کے خیبرپختونخوا کے کنوینئر رہ چکے تھے اورہمیشہ آزادی اظہار رائے کے قائل رہے۔ پیر سفید پشتو کے شاعر تھے اور پشتو زبان سے بہت لگا رکھتے تھے اور اسی سوچ کی وجہ سے وحدت اخبار کا اجرا کیا گیا۔ انکی اخبار کی پالیسی اور بالخصوص افغان جنگ کے دوران کی پالیسی سے اختلاف کیا جاسکتا ہے کیونکہ وہ ریاست کی پالیسی کے ساتھ کھڑے رہے اور شاید آج بھی کھڑے ہوں گے لیکن پیرسفیدشاہ ہمدرد کی رحلت سے بلاشبہ پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا کی صحافت کا ایک باب ختم ہوا۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین