اسلام آباد میں کورونا کا ایک اور کیس رپورٹ، ملک بھر میں کی تعداد29 ہوگئی

اسلام آباد میں کورونا کا ایک اور کیس رپورٹ، ملک بھر میں کی تعداد29 ہوگئی

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے نتیجے میں ملک میں اس خطرناک مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں ایک خاتون کے ٹیسٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ متاثرہ خاتون امریکا سے آئی ہیں اور انہیں پمز اسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ مریضہ کی حالت تشویشناک ہے۔

وزارت صحت و ریگولیشن نے پاکستان میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں وائرس سے متاثرہ تین افراد مکمل صحتیاب ہوگئے ہیں اور انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

ملک بھر میں دو ہفتے کیلئے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

شادی ہالز میں تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں اور سینما گھر بھی دو ہفتے کیلئے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ملک بھر میں تعلیمی ادارے پانچ اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔

پاکستان کے ایران اور افغانستان سے متصل بارڈرز دو ہفتے کیلئے بند کر دیئے گئے ہیں اور تفتان بارڈر سے آمد و رفت پر مکمل پابندی ہو گی۔

کراچی، لاہوراور اسلام آباد ایئر پورٹس کے علاوہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے فلائٹ آپریشن بند کر دیئے گئے ہیں۔

کرتار پور میں پاکستانی زائرین کے جانے پر پابندی ہے جب کہ بھارتی زائرین کرتار پورآسکیں گے۔ حکومت نے بندرگاہوں پربھی اسکریننگ اور انتظامی معاملات بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

کورونا کی وجہ سے پی ایس ایل کا فارمیٹ بھی تبدیل کردیا گیا ہے اور پلے آف میچز کو سیمی فائنل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ دونوں سیمی فائنل سترہ مارچ اور فائنل اٹھارہ مارچ کو ہو گا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق لاہور میں بھی پی ایس ایل کے میچز تماشائیوں کے بغیر ہوں گے