بھارتی وزیراعظم ہٹلر کے نقش قدم پر چل رہا ہے، شہریارآفریدی

بھارتی وزیراعظم ہٹلر کے نقش قدم پر چل رہا ہے، شہریارآفریدی

پاکستان دیگر فورمز پر بھی مسئلہ کشمیر اٹھائے گا، جرمنی میں بھارت مخالف مظاہرے سے خطاب

جرمنی (این این آئی) وزیر سیفران و انسداد منشیات شہریارخان آفریدی نے کہا ہے کہ بھارتی شدت پسند وزیراعظم نریندر مودی ہٹلر کے نقش قدم پر چل رہا ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے دیگر فورمز پر بھی کشمیر کی صورتحال کو اٹھائے گا۔جرمنی کے شہر ہنوور میں کشمیر کی آزادی کیلئے نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اجتماع اقوام عالم کو کراتا ہے کہ جموں اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی شدت پسند وزیراعظم نریندر مودی ہٹلر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بھارتی اقلیتوں کا قتل عام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں دس لاکھ بھارتی فوجیوں نے ایک کروڑ سے زائد آزادی پسند انسانوں کو ایک بڑی جیل میں قید کردیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کو انکے گھروں میں بند کرکے انہیں دنیا سے کاٹ دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مواصلاتی نظام جام کرکے کشمیریوں کو بھوکا پیاسا مارا جانے کا پروگرام ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر کو بڑے انسانی المیے سے بچانے کیلئے بڑی عالمی قوتوں کو دخل اندازی کرنا ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری بچے بھوک سے بلک رہے ہیں اور مریض دواؤں کے منتظر ہیں مگر انہیں کچھ نہیں مل رہا۔ یہ صورتحال کسی بھی لمحے انسانی المیے کا رخ اختیار کرسکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ صورتحال کا نوٹس لے اور راست اقدام کرے۔ انہوںنے کہاکہ شہریار آفریدی پاکستان اس صورتحال میں خاموش نہیں رہ سکتا۔ پاکستان امن کا جھنڈا لیکر عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کیلئے متحرک ہے۔ انہوںنے کہاکہ دنیا کو کشمیر کی صورتحال پر جاگنا ہوگا کیونکہ عالمی امن کشمیر میں امن سے مشروط ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں کشمیر پرخصوصی اجلاس کا انعقاد ظاہر کرتا ہے کہ دنیا کا ضمیر اب جاگ رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں اقوام عالم کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ رکھنا ہوگا۔ ہم دنیا کے ممالک کو کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم سے آگاہ کرنے نکلے ہیں اور عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کا عمل جاری رہیگا جب تک اقوام متحدہ صورتحال پر اپنی خاموشی نہیں توڑتا یورپی ممالک نے ماضی میں نازی جرمنی کے ہاتھوں اس طرح کی نسل کشی کا سامنا کیا ہے اور وہ کشمیر کی صورتحال کو بہتر سمجھ سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام عالم کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کیلئے راست اقدام کریں اور بھارتی تسلط سے کشمیریوں کو آزادی دلانے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کے دیگر فورمز پر بھی کشمیر کی صورتحال کو اٹھائے گا، ہم کشمیریوں کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور یہ جدوجہد کشمیر کی آزادی تک جاری رہیگی۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کشمیر کے سفیر کی حیثیت سے اس ڈپلومیٹک افینسو کی قیادت کررہے ہیں اور وہ عالمی رہنماؤں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سے آگاہ کررہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں کی حالیہ رپورٹس خود گواہ ہیں کہ۔بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کے اقدامات کررہا ہے۔ریلی میں جرمنی کے مختلف شہروں میں رہنے والے ہزاروں پاکستانیوں نے بھرپور شرکت کی ۔