قاضی میڈیکل کمپلیکس میں اقربا پروری، جونیئر پروفیسرمیڈیکل ڈائریکٹر تعینات

قاضی میڈیکل کمپلیکس میں اقربا پروری، جونیئر پروفیسرمیڈیکل ڈائریکٹر تعینات

نوشہرہ(خالد نظیر ؍نمائندہ شہباز )قاضی میڈ یکل کمپلیکس نوشہرہ کے بی او جی نے میڈیکل ڈائریکٹر کی پوسٹ پراپنے منظور نظر میڈیکل ڈائریکٹر کی تعیناتی کرکے میرٹ کی دھجیاں اڑا دیں۔

 

اس سلسلے میں ذرائع نے بتایا کہ قاضی میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ میں میڈیکل ڈائریکٹر کی آسامی کیلئے 9امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں جس میں تجربہ کار پروفیسر کیڈر اور اسسٹنٹ پروفیسرز شارٹ لسٹ پر تھے تاہم ہفتے کے روز میڈیکل ڈائریکٹر کی پوسٹ کیلئے جب انٹرویو کا آغاز ہوا تو جونیئر پروفیسر خالد خان کے علاوہ کسی کو انٹرویو میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

 

انٹرویو کیلئے آنے والے دیگر امیدواروں کو سیکورٹی اہلکاروں کے ذریعے روک دیا گیا اور مردان سے تعلق رکھنے والے خالد خان کی بطور میڈیکل ڈائریکٹر نوٹیفیکیشن جاری کردی گئی ۔

 

تاہم ذرائع نے بتایا کہ انٹرویو سے پہلے ہی سب سے جونیئر اسسٹنٹ پروفیسر کو میڈیکل ڈائریکٹر کی پوسٹ پر تعینات کردیا گیا اور انٹرویو کے نام پر صرف اعلان باقی تھا ۔