حکومتی سال ، قوم تبدیلی کا جنازہ سر پر اٹھائے پریشان پھر رہی ہے،امیر مقام

حکومتی سال ، قوم تبدیلی کا جنازہ سر پر اٹھائے پریشان پھر رہی ہے،امیر مقام

جھوٹ کی حکمرانی ملک کو کئی دہائیاں پیچھے لے گئی، قوم کو مہنگائی، بیروزگاری، معیشت کی تباہی، کشمیر پر مقدمہ ہارنے جیسے تاریخی صدمات سہنے پڑے،صدر ن لیگ خیبرپختونخوا

پشاور(این این آئی )پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم تبدیلی کا جنازہ سر پر اٹھائے پریشان پھر رہی ہے۔ آج قوم اس سے بھی زیادہ مایوس ہے جتنا سلیکٹڈ کے سو دن پورے ہونے پر ہوئی تھی۔ ایک سال میں قوم کو مہنگائی، بیروزگاری، معیشت کی تباہی، کشمیر پر مقدمہ ہارنے جیسے تاریخی صدمے برداشت کرنے پڑے۔ جھوٹ کی حکمرانی ملک وقوم کو کئی دہائیاں پیچھے لے گئی ہے۔ حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر امیرمقام نے کہاکہ ملک کو داخلی اور خارجی سطح پر تاریخی ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ موجودہ نالائق ٹولے نے صرف جھوٹ میں ترقی کی ہے۔ معیشت کے ساتھ بی آرٹی والا حشر کیاگیا ہے یا بارش میں جو حال پشاور کے شہریوں کا ہوتا ہے، وہی آج ملکی معیشت اور دیگر شعبہ جات کے ساتھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک سال میں قوم کی صرف مایوسی میں اضافہ ہوا۔ آج ملک پر داخلی اور خارجی قرض ریکارڈ مقدار میں لاد دیاگیا ہے جوآئندہ سال قوم کی رہی سہی قوت بھی توڑ دے گا۔ انہوں نے کہاکہ آج تبدیلی کی برسی ہے جسے پوری قوم منارہی ہے۔ مینڈیٹ چوروں نے سی پیک جیسے عظیم منصوبے پر کام روک کر مودی اور پاک چین شراکت داری کے دشمنوں کو خوش کیا۔ کشمیر پر تاریخی پسپائی اور بزدلی کا مظاہرہ کیا۔ روپے کی قدر میں 34 پیسے کمی کی۔ آج معیشت اور قوم پر لادے گئے تاریخی قرض کا نوحہ خود سٹیٹ بنک پڑھ رہا ہے۔مسلمانوں کے مذہبی شعائر کے حوالے سے بھی قوم کو فکر لاحق ہے ۔ ریاست مدینہ کا پاک نام اپنی سیاست کے لئے استعمال کرنے والوں نے حج جیسی عبادت پر سبسڈی تک چھین لی، حجاج کرام کا حجاز مقدس میں احتجاج اور بددعائیں حکمرانوں کی ایمانداری اورکارکردگی کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ امیرمقام نے کہاکہ وقت نے ثابت کیا کہ ملک وقوم کے ساتھ سازش ہوئی۔ ہوش نہ کیاگیا تو پاکستان کے دیگر قومی مفادات بھی خطرات سے دوچار ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر نے کہاکہ آج ملک کو باہر سے کم اور اندر سے زیادہ خطرہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج قوم نوازشریف اور ان کی ٹیم کو یاد کررہی ہے جنہوں نے ملک کو چھ فیصد کی قومی ترقی دی، سی پیک کی صورت 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لائے، پاک چین دوستی آئرن برادرز کے آہنی اور فولادی رشتے میں بدل ڈالی، عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا، مودی خود چل کر پاکستان آیا، بجلی کے اندھیرے ختم ہوئے، ڈالر کے مقابلے میں روپے نے طاقت حاصل کی، ہر طرح کے دباو کے باوجود روپے کی قدر میں کمی نہیں کی گئی۔ مہنگائی 47 سال میں کم ترین 3 فیصد کی سطح پر آئی، تعلیم، صحت، سماجی بہبود، دس ہزار کلومیٹر موٹرویز اور شاہرات تعمیر ہوئیں، گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوئی، نئی یونیورسٹیاں، کالج، سکول، ہسپتال اور علاج گاہیں تعمیر ہوئیں، کسانوں اور زراعت کوترقی دی گئی جس سے اجناس اور فصلوں کی پیداوار دوگنا ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو قید نہیں کیاگیا، دراصل پاکستان اور پاکستانیوں کی ترقی کو روکاگیا ہے۔ پاکستان کے خلاف سازش کامیاب کرنے کے لئے سلیکٹڈ کی ضرورت تھی، آج قوم نے دیکھ لیا کہ دھرنے، فتنہ وفساد اور انتشار کیوں پھیلایاگیا۔ قوم یہ بھی جان گئی ہے کہ کرپشن اور بدعنوانی کے جھوٹ بولنے کا مقصد پاکستان کے مفادات کے لئے کام کرنے والوں کو منظر سے ہٹانا تھا۔ امیرمقام نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نوازشریف اورشہبازشریف کی قیادت میں ملک وقوم کے مفادات کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور ہر سازش اور اس کے کرداروں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔