مارشل آرٹ کے ماہر عرفان محسود عالمی فتوحات کی گولڈن جوبلی کے قریب

مارشل آرٹ کے ماہر عرفان محسود عالمی فتوحات کی گولڈن جوبلی کے قریب

پشاور : صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کھلاڑی محمد عرفان محسود نے مارشل آرٹ کے شعبے میں تین اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔

 

ورلڈ ریکارڈ ہولڈر عرفان محسود نے فرانس اور مصر کے 3ریکارڈ توڑ دئیے۔

 

تفصیلات کے مطابق عرفان محسود نے پہلا ریکارڈ فرانس کے ایریک لیجیون کا توڑا تھا، جس میں ایک منٹ میں ایک پاؤں پر100 پاؤنڈ وزن کے29 پش اپس تھے۔

 

محمد عرفان محسود نے اپنی کمر پر 100 پاؤنڈ وزن رکھ کر ایک پاؤں پر41پش اپس کیے، انہوں نے دوسرا ریکارڈ مصر کے محمود ایوب کا توڑا جس میں ایک منٹ میں100 پاؤنڈ وزن کے ساتھ61 جمپنگ جیکس کا ریکارڈ قائم کیا گیا تھا۔

 

اس کے علاوہ مارشل آرٹ کے ماہر نے نےایک منٹ میں100پاؤنڈ وزن کےساتھ81 جمپنگ جیکس کیے، عرفان محسود نے تیسرا ریکارڈ مصر کے احمد ابراہیم عثمان کا توڑا جس میں ایک منٹ میں ایک پاؤں پر80پاؤنڈ وزن کے ساتھ50 پش اپس کا ریکارڈ تھا۔

 

عرفان محسود نے1منٹ میں ایک پاؤں پر80پاؤنڈ وزن کے ساتھ57 پش اپس کیے۔

 

خیال رہے کہ عرفان محسود واحد ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے پش اپس کیٹگری میں26ورلڈ ریکارڈز بنائےہیں۔

 

عرفان محسود مجموعی طور پر اب تک 49گنیز ورلڈ ریکارڈ بناچکے ہیں۔انہوں نے بھارت، امریکا، برطانیہ، فلپائن، عراق، مصر، فرانس سمیت نوممالک کے مختلف ریکارڈز توڑے ہیں۔

 

عرفان محسود ڈیرہ اسمعیل خان میں مقامی طور پر قائم مارشل آرٹ کی ایک اکیڈیمی بھی چلاتے ہیں جس میں بیشتر کھلاڑی دہشت گردی سے متاثرہ علاقے وزیرستان  سے تعلق رکھتے ہیں۔