خیبر پختونخوا براڈکاسٹرز فورم کے پہلے انتخابات مکمل،خائستہ رحمان صدر منتخب

خیبر پختونخوا براڈکاسٹرز فورم کے پہلے انتخابات مکمل،خائستہ رحمان صدر منتخب

صوبے کی پہلی خواجہ سرا ریڈیو براڈکاسٹر صوبیہ خان کلچر سیکرٹری،افسرافغان جنرل سیکرٹری جبکہ فصیحہ شریف سیکرٹری مالیات منتخب

پشاور(اسلام گل آفریدی) خیبر پختونخوا براڈکاسٹرز فورم یا ریڈیو سے وابستہ افراد کی تنظیم کے پہلے انتخابات قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور صدر میں منعقد ہوئے جس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سرکاری اور نجی شعبے میں کام کرنے والے ریڈیو کے عملے نے اپنی رائے دہی کا استعمال کیا جبکہ ریڈیو کے پہلی خواجہ سرا میزبان صوبیہ خان نے بھی نئی کابینہ میں کلچر سیکرٹری کے عہدے پر کامیابی حاصل کی۔

الیکشن کمیٹی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق خیبر پختونخو براڈکاسٹرز فورم کے صدر حائستہ رحمان، جنرل سیکرٹری افسرالملک افغان،جائنٹ سیکرٹری عمران آفریدی، نائب صدر امین مشال،سیکرٹری اطلاعات نادیہ خالد اور کلچر سیکرٹری صوبیہ خان منتخب ہوئے۔

الیکشن کمیٹی کے ممبر نظا م الدین نے کہا کہ انتخابی عمل دوپہر گیارہ بجے سے شروع ہوا جوکہ بغیر کسی وقفے کے ساڑھے تین بجے تک جاری رہا جس میں دو سو تک ممبران نے رائے دہی کا استعمال کیا۔

انہوں نے کہاکہ صوبے میں پہلی بارر یڈیو کے مختلف شعبوں میں کا م کرنے والے افراد نے اپنے حقوق اور عوا م کو معیاری مواد مائیک کے ذریعے پہنچانے کے لئے پہلا قدم اٹھایا ہے جس سے مستقبل میں اس شعبے کے اندر اور بہتری آنے کی کافی امیدیں وابستہ ہیں۔

نومنتخب کلچر سیکرٹری صوبیہ خان نے براڈکاسٹرز فورم کے انتخابی عمل کو نہ صرف ریڈیو سے وابستہ افراد کے لئے انتہائی اہم قرار دیا بلکہ ان جیسے خواجہ سرا جو ریڈیو یا ٹی وی میں آنا چاہتے ہیں ان کے لئے نئے مواقع پیدا ہونگے۔

خواجہ سرا میزبان صوبیہ خان نے بھی نئی کابینہ میں کلچر سیکرٹری کے عہدے پر کامیابی حاصل کی

انہوں نے اپنے انتخابی مہم کو اطمینان بخش قراردیا اور کہا کہ انہوں نے جس سے بھی ووٹ دینے کے لئے کہا تو ہر ساتھی کی طرف سے کافی مثبت جواب ملاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی منشور میں ووٹرز کے سامنے یہی بات رکھی کہ آپ لوگوں کے مسائل کے حل اور معیاری نشریات لوگوں تک پہنچانا ہماری ترجیح ہے۔

افسر الملک افغان پچھلے کئی سالوں سے ریڈیو میں حالات حاضرہ، ثقافتی اور دوسرے پروگرامز کے میزبان کی حیثیت سے کام کررہا ہے ان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں میڈیا کے مختلف شعبوں سے وابستہ افرا د کے حقوق کے تحفظ کے لئے تنظیمیں موجود ہیں لیکن واحد ریڈیو ایسا شعبہ ہے جس میں کام کرنے والے افراد کے لئے کوئی پلیٹ فارم موجود نہیں تھا جس پر ریڈیو براڈکاسٹرز اکٹھے ہوسکیں اور اپنے حقوق کا تحفظ کرسکیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایف ایم ریڈیو کے آنے کے بعد نشریات کامعیار کافی متاثر ہوا جس کی بنیادی وجہ ان لوگوں کی باقاعدہ تربیت کا انتظام نہ ہونا ہے جومستقبل میں نئی تنظیم ہر ممکن حد تک پورا کرنے کی کوشش کرے گی۔

نومنتخب نائب صدر امین مشال نے بتایا کہ اس فورم کا بنیادی مقصد ریڈیوبراڈکاسٹرز کے حقوق کا تحفظ اور انکی تربیت ہے کیونکہ عوام جو سنتی ہے وہی بیانیہ بن جاتا ہے، اس تنظیم کے ذریعے کوشش کی جائیگی کہ براڈکاسٹنگ کے شعبے میں موجود کمزوریوں کو ایک حد تک کم کیا جاسکے تاکہ لوگوں کو معیاری پروگرام سننے کو مل سکیں۔