کمزور خارجہ پالیسی نے بھارت کو شیر بنادیا،مشتاق احمد خان

کمزور خارجہ پالیسی نے بھارت کو شیر بنادیا،مشتاق احمد خان

سلامتی کونسل نے کشمیر پرمذمتی بیان تک جاری نہیں کیا، اسے بڑی فتح بتانا بیوقوفی ہے

پشاور(سٹی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے پاکستان کی کمزور خارجہ پالیسی نے بھارت کو شیر بنادیا ہے، سلامتی کونسل نے کشمیر بارے اجلاس کے بعد ایک مذمتی بیان تک جاری نہیں کیا لیکن پاکستان میں اسے بڑی فتح قرار دیا جارہا ہے۔ چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد بھارتی سفارتکار کا بیان حکومت کے لئے انتباہ ہے۔آلو، پیاز، کھیلوں، کھلاڑیوں، اداکاروں اور ثقافتی وفود سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا، کشمیر کی آزادی کے لئے فوج کی سرحدوں پر تعینات کرنا پڑے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کے ساتھ فضائی حدود بند کے ساتھ ساتھ بھارتی سفارتخانے کوبھی بند کیا جائے۔ صوبائی امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ کشمیر کی آزادی تک بھارتی سفارتخانے کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں۔ ہندوستان نے عملًا ہماری شہ رگ کو قبضے میں لے لیا ہے اور ہم نے کچھ نہیں کیا۔ وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ مودی کے آنے سے کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا، ایسا کہنے والے اب بتائیں کہ کشمیر کے مسئلے کا کیا بنا؟ وزیراعظم سن لیں! خواب میں بھی کشمیر کے حوالے سے غلطی کی تو پوری قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔ حکومت جارحانہ خارجہ پالیسی بنائے اور کشمیر کی آزادی کے لئے روڈ میپ اور جامع منصوبہ بندی دے۔انہوں نے کہا کہ25 اگست کو پشاور میں کشمیر بچائو عوامی ریلی میں کشمیری قیادت کو بھی شریک کرائیں گے