
مارشل لا ء کا مزاج رکھنے والے موجودہ حکمران انتقام میں اندھے ہو گئے ہیں، مولابخش چانڈیو
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے حوصلے بلند ہیں ،آمر مشرف کی طرح بھاگنے والے نہیں ،سیکرٹری اطلاعات پی پی پی
کراچی (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیو نے سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو فی الفور طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مارشل لا ء والا مزاج رکھنے والے موجودہ حکمران انتقام میں اندھے ہو گئے ہیں، لیکن پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے حوصلے بلند ہیں اور آمر مشرف کی طرح بھاگنے والے نہیں ہیں۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس میں پریس کانفرنس سے خاطاب کرتے ہوئے سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ یہ کیسا احتساب ہے جو فقظ ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی دختر کے خلاف ہوتا ہے اور اب ان کے داماد کو نشانہ بنا رہا ہے۔ بینظیر کو اپنے والد سے ملنے سے روکا گیا تھا اور آج ان کی بیٹی آصفہ بھٹو کو بھی اپنے والد سے ملنے سے نہیں دیا جا رہا۔ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل کرنے والی نفرت کی سیاست کو روکا جائے۔ پی پی پی قیادت کے خلاف دائر مقدمات کو راولپنڈی منتقل کرنے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ یہ احتساب کے نام پر انتقام ہے، جسے عوام نے قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آئے روز یہ کہتے ہیں کہ وہ کسی کو این آر او نہیں دیں گے، لیکن اس کے ساتھ وہ یہ بھی کہتے رہتے ہیں کہ پیسے دے کر نکل جاوَ، جو درحقیقت این آر او کی آفر ہے۔ لیکن ہم موجودہ حکومت اور اس کے این آر او پر لعنیت بھیجتے ہیں۔ عمران خان کو بادشاہ بننے اور آمر بننے کا بڑا شوق ہے، لیکن انہیں یہ یاد رکھنا چاہیئے کہ کئی ظالم آئے اور چلے گئے۔ سینیٹر مولابخش چاڈیو کا کہنا تھا کہ کشمیر کو بیچنے والوں کو کشمیریوں کا کوئی دکھ نہیں ہے اور بظاہر جو حکمران سفارتی رابطے اور بیانات دے رہے ہیں وہ عوامی دباوَ کا نتیجا ہے۔ اس وقت قومی سلامتی کے معاملات پر تاریخی اقدام اٹھانے کی بجائے قوم کو مایوس کیا جارہا ہے۔ پی پی پی سینیٹر نے یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کی دفاع کی خاطر جانوں کی قربانیاں دینے والے افواج پاکستان کے شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہداء کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔