نیشنل گیمز ،ہر سلیکشن کمیٹی میں نئے اضلاع کا نمائندہ شامل ہوگا ،عاقل شاہ

نیشنل گیمز ،ہر سلیکشن کمیٹی میں نئے اضلاع کا نمائندہ شامل ہوگا ،عاقل شاہ

کے پی دستے میں تمام ڈسٹرکٹس کے کھلاڑیوں کونمائندگی دی جائیگی،سپورٹس منیجرز سے گفتگو

پشاور(سپورٹس رپورٹر) قبائلی اضلاع کے سپورٹس منیجرز نے صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ سے ملاقات کی جس میں نیشنل گیمز کی تیاریوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ‘سپورٹس منیجرز میں راحد گل ملاگوری ‘فضل اکبر خلجی‘ساجد ‘محمد حسین کے ساتھ عامر ایوب ‘محمد ایوب اوردیگر شخصیات موجود تھیں ملاقات میں سیکرٹری اولمپک ذوالفقار بٹ نے بھی شرکت کی اس موقع پر اپنے خطاب میں صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ نے کہا کہ نیشنل گیمز میں ہر سلیکشن کمیٹی میں قبائلی اضلاع کا نمائندہ شامل ہوگا اس کے ساتھ ساتھ قبائلی اضلاع سے تمام کھلاڑی ان گیمز کے ٹرائلز میں شرکت کریں گے

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سپورٹس منیجرز کو یہ بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ سابق گیمز کے میڈل ونر پلیئرز کے نام بھی بھجوائے جائیں تا کہ ان کھلاڑیوں سے بھی رابطہ کیا جائے جس کا مقصد خیبرپختونخوا کے دستے کو مزید مضبوط بنایا ہے انہوں نے کہا کہ اب چونکہ خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع ضم ہوچکے ہیں لہذا سب کھلاڑی جو کے پی کے تمام ڈسٹرکٹس بشمول قبائلی اضلاع کے ہیں ہمارے کے پی کے دستے میں شامل ہوں گے اور انہیں بھرپور مواقع اور نمائندگی دی جائے گی اور ہر طرح کی تمام سہولتیں انہیں میسر ہوں گی انہوں نے امید ظاہر کی کہ قبائلی اضلاع کے پلیئرز کی ٹرائلز میں بہترین پرفارمنس پر انہیں کے پی کی ٹیموں میں شامل کرکے ہمیں فخر محسوس ہوگا اور ان کی بدولت نیشنل گیمز میں کے پی کا دستہ بہترین کارکردگی دکھائے گا یہ سب نوجوان پلیئرز ہمارا حصہ ہیں اور انہیں ہر موڑ پر ساتھ لے کرچلیں گے اورسب کو ان کے حقوق ملیں گے ڈسٹرکٹ سپورٹس منیجرز نے سید عاقل شاہ کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی سرپرستی میں قبائلی اضلاع کے کھلاڑیوں کو اسی طرح مواقع ملتے رہیں گے۔