اورکزئی، کوئلے کی کان میں حادثہ ، ایک مزدور جاں بحق، 3زخمی

اورکزئی، کوئلے کی کان میں حادثہ ، ایک مزدور جاں بحق، 3زخمی

اورکزئی( آن لائن) ضلع اورکزئی کے تحصیل لوئر اورکزئی کے علاقہ ڈولی میں کوئلے کے کان میں حادثہ  پیش آیا جس سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ 3زخمی ہو گئے۔

 

اس موقع پر ریسکیو1122نے بروقت پہنچ کر کوئلے کی کان کے اندر پھنسے ہوئے زخمیوں اور جاں بحق شخص کو باہر نکالا۔ موقع پر ریسکیو1122کی ٹیم نے زخمیوں کو طبی امداد دی اور ان کو ڈسٹرکٹ ہسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا۔ کوئلے کی کان میں حادثہ رسی ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا ۔

 

اس حوالے سے ریسکیو1122کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ضلع اورکزئی جان محمد آفریدی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جیسے ہی ہمارے کنٹرول روم کو اطلاع ملی تو ریسکیو1122کے ڈیزاسٹر ٹیم بمعہ میڈیکل ٹیم لوئر اورکزئی کے علاقہ کریز ڈولی پہنچ گئی اور ریسکیو کاروائی کرتے ہوئے کوئلے کی کان کے اندر پھنسے 4مزدوروں کو باہر نکالا گیا جس میں ایک شخص واحد علی ولد غلام مہدی سکنہ بہرام زئی ضلع اورکزئی جاں بحق ہو چکا تھا جبکہ 3افراد زخمی ہو چکے تھے جس کو میڈیکل ٹیم نے موقع پر طبی امداد فراہم کی جس میں ایک شدید زخمی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا گیا ۔

 

ضلع اورکزئی میں ریسکیو 1122آنے کے بعد ہر قسم کے حادثات میں بروقت رسپانس ملنے پر علاقہ کے عوام نے ڈی جی ریسکیو 1122خیبر پختونخواہ ڈاکٹر خطیر احمد اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ضلع اورکزئی جان محمد آفریدی کا شکریہ ادا کیا۔