وزیرصحت ہشام انعام اللہ خان کا طورخم بارڈر کا دورہ

وزیرصحت ہشام انعام اللہ خان کا طورخم بارڈر کا دورہ

طبی سہولیات کا جائزہ، ہیلتھ فیسیلیٹی میں فلٹر پوائنٹ قائم کرنے کا اعلان

پشاور(آن لائن) صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے جمہ کے روز طورخم بارڈر کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے بارڈر پر لوگوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا, وزیر صحت کے ساتھ ڈائریکٹر صحت فاٹا شاہ فیصل بھی موجود تھے. دورے کے دوران بارڈر پر وزیرصحت نے ہیلتھ فیسیلیٹی میں فلٹر پوائنٹ قائم کرنے کا اعلان کیا جس کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم پاکستان عمران خان کریں گے جس کیلئے وزیرصحت نے وہاں دورہ کرکے اقدامات کا جائزہ لیا۔

وزیرصحت نے بارڈر پر لوگوں کو دی جانے والی صحت سہولیات کا بھی جائزہ لیا، اس موقع پر ڈاکٹر ہشام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہولیات فراہمی کا مقصد خطے میں امن کیساتھ ساتھ افغانستان کے ساتھ تعلقات کومزید بہتربنانا ہے اور افغان لوگوں کویہ پیغام دینا ہے کہ ہم ان کیساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویڑن کیمطابق خطے میںپائیدار امن اور پڑوسی ملک کے لوگوں کیساتھ تعاون کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ وزیرصحت نے کہا کہ حکومت ارادہ رکھتی ہے کہ مستقبل میں ایک منصوبے کے تحت پڑوسی ملک کیساتھ ہیلتھ ٹوارزم کو ترقی دینے کیلئے مشترکہ کام کیا جائے۔ مشترکہ طور پر کام کرنے سے صحت وسیاحت سمیت دیگر شعبوں کو فروغ ملے گا جس سے خطے کو عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ اس موقع پر وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے ڈی ایچ اوخیبر کو ہدایات جاری کیں کے ہیلتھ سنٹر پر تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔