پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کھلاڑی ثنا اللہ کورونا سے جاں بحق

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کھلاڑی ثنا اللہ کورونا سے جاں بحق

اسلام آباد: پاکستان کی ہاکی ٹیم کے سابق کھلاڑی ثنا اللہ کورونا سے جاں بحق ہوئے، جبکہ سابق اولمپئن اختر رسول کو کوویڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق  62 سالہ قومی ہاکی ٹیم کے سابق کھلاڑی  کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔ ، جس کی بعد اُن کی طبیعت مسلسل بگڑتی رہی اور پھر انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ شفٹ کیا گیا تھا جہاں انہوں نے اپنی آخری سانسیں لیں۔

وہ1979 میں فرانس میں کھیلے والے پہلے عالمی جونیئر کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فاتح پاکستان ٹیم میں شامل تھے۔

انہوں نے عالمی جونیئر کپ کا پہلا گول کرنے کا بھی اعزاز حاصل کیا جبکہ مختلف عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی، وہ 1984 میں لاس اینجلس اولمپکس سے قبل یورپ کا دورہ کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کا حصہ بھی رہ چکے تھے۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کےسابق کپتان اولمپئن اختررسول کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں، جس کے بعد انہیں لاہور کے مقامی ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اختر رسول کا شمار پاکستانی ہاکی ٹیم کے لیجنڈ کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اولمپیکس میں قومی ٹیم کی نمائندگی بھی کی۔ ان کے کھیل کی آج بھی تعریف کی جاتی ہے۔

کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے سیاست میں بھی قسمت آزمائی کی اور مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی بھی رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات سرانجام دیں۔

انہوں نے 2012ء سے 2013ء تک پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور مینیجر کا عہدہ بھی سنبھالا۔ ان کے دور میں قومی ٹیم تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ سے باہر ہوئی تھی۔ تاہم ان کی زیر نگرانی ٹیم نے ایشین چیمپئن ٹرافی میں فتح حاصل کی جبکہ لندن اولمپیکس میں ساتویں پوزیشن اپنے نام کی تھی۔