پلاسٹک شاپنگ بیگز کیخلاف کریک ڈاوٗن،13 گرفتار

پلاسٹک شاپنگ بیگز کیخلاف کریک ڈاوٗن،13 گرفتار

پشاور(آن لائن)ضلعی انتظامیہ کا پشاور بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلے میںپشاور صدرمیں کاروائی کر تے ہوئے دو سوکلو گرام پلاسٹک بیگ کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرکینٹ گلشن آرا نے محکمہ ماحولیات کے افسران کے ہمراہ صدر میں مشہور و معروف میگا مالز ، بڑے سٹوروں، کپڑے و دیگر بڑی دکانوں کا معائنہ کر تے ہوئے دو سوکلو گرام پلاسٹک پولی تھین بیگز کو سرکاری تحویل میں لیتے ہوئے 13 منیجرز و مالکان کو گرفتار کر لیا۔ واضح رہے کہ پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ پر صوبائی حکومت نے پابند ی عائد کی ہوئی ہے اور ضلعی انتظامیہ پشاور ان احکامات کی روشنی میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف کاروائیوں میں مصروف ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجر برادری کو خبر دار کیا ہے کہ وہ پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ کے متبادل قابل تحلیل شاپنگ بیگ استعمال کریں بصورت دیگر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں موقع پر موجود پلاسٹک شاپنگ بیگ کو قبضے میں لیتے ہوئے مالکان کو جیل بھی بھجوایا جائے گا اور اس ضمن میں تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے مطابق پلاسٹک پولیتھین بیگز کے خاتمے تک کاروائیاں جاری رہیں گی۔