
پٹرول پر فی لیٹر 48 روپے ٹیکس
یہ انکشاف ملکِ عزیز کے بدنصیب عوام کے لئے کسی تازیانے سے کم نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں بھی سابق حکومتوں کی طرح فی لیٹر پٹرول پر عوام سے 48 روپے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ جمعرات کو اخبارات میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق پٹرول کی اصل قیت آج بھی 64 روپے اور 31 پیسے ہے لیکن عوام فی لیٹر پٹرول 111 روپے 90 پیسے میں لینے پر مجبور ہیں جس پر افسوس کے علاوہ اور کیا کیا جا سکتا ہے۔ افسوس اس لئے بھی کہ عوام اس وقت ان لوگوں کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں جو 2018ء کے انتخابات سے قبل ہر جلسے اور ہر تقریب میں حکومت کو پٹرول کی اونچی قیمتوں پر نشانہ بناتے تھے اور اپنی حکومت آنے پر 44 روپے فی لیٹر پٹرول مہیا کرنے کے دعوے کرتے تھے۔ بدقسمتی سے جہاں امریکہ و برطانیہ میں پٹرول و ڈیزل یا ماحولیات پر بری طرح سے اثرانداز ہونے والے اس طرح کے دیگر ذرائع توانائی پر انحصار کو مکمل طور پر ختم کرنے کے جتن کئے جا رہے ہیں وہاں ہمارے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔