مسلط ٹولے نے ناکام پالیسیوں سے عوام کی چیخیں نکال دیں، سردار بابک

مسلط ٹولے نے ناکام پالیسیوں سے عوام کی چیخیں نکال دیں، سردار بابک

پشاور(سٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ کارکنان و ذمہ داران مہنگائی کے خلاف 13 اکتوبر کے احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے منظم اور موثر مہم چلائیں۔ صدر اے این پی خیبر پختونخوا ایمل ولی خان کی ہدایات پر جاری مہنگائی کے خلاف صوبے کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں ایک روزہ احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے۔ جس میں ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

 

باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا کہ غریب عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس گئے ہیں۔ حکومت عوام کی مشکلات سے بے خبر اور خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ آئے روز اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر مہنگائی بم کی شکل میں گرایا جارہا ہے۔ عوام کی قوت خرید معدوم اور آمدن کے ذرائع اور روزگار کے مواقع ختم ہوتے جارہے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ مسلط ٹولے نے ناکام پالیسیوں کی بدولت عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ تبدیلی کے دعویداروں نے عوام کو جینے کے قابل نہیں چھوڑا ہے۔ عوام میں حکومتی اعتمادختم ہوچکا ہے اور وہ جان چکے ہیں کہ تبدیلی سرکار نے عوام کو دھوکے اور فریب میں رکھا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ انتظامی بدنظمی، معاشی بدحالی اور ریکارڈ کرپشن نے حکومت کا چہرہ عوام کے سامنے عیاں کردیا ہے۔ عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے حکومت کے پاس کوئی انتظام موجود نہیں۔ موجودہ حکومت کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں بڑھا کر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔ صرف خیالی باتوں سے حکومتیں نہیں چلائی جاسکتی۔

 

انہوں نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ عوامی حقوق کی وکالت کی ہے اور عوامی مسائل کو ہر فورم پر اٹھانے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ اے این پی سیاست کو عبادت  سمجھ کرعوامی خدمت کیلئے کرتی ہے۔ اے این پی پارلیمان میں ہو یا پارلیمان سے باہر مہنگائی سمیت دیگر مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی۔

 

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 13 اکتوبر کے احتجاجی کیمپوں کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور اس میں شرکت کو یقینی بنائے۔