
صلاح الدین کی پولیس تشدد سے ہلاکت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب
آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے رولز اور قوانین میں ضروری تبدیلیاں کرینگے،عثمان بزدار
لاہور( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں رحیم یار خان میں پولیس تشدد سے جاں بحق صلاح الدین کے والد محمد افضال، دیگر اہل خانہ اور وکلاء نے ملاقات کی ۔
وزیراعلیٰ نے غمزدہ والد محمد افضال سے بیٹے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اورصلاح الدین کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی ۔
وزیراعلیٰ نے صلاح الدین کے والد اوراہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بیٹے کی پولیس تشدد سے ہلاکت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور ایسا واقعہ مستقبل میں کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔
آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے نئے ایس او پیز بنائے جائیں گے اوررولز اور قوانین میں ضروری تبدیلیاں کریں گے۔
اس ضمن میں محکمہ داخلہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پراسیکیوشن کے ہر مرحلے میں آپ سے پورا تعاون کریں گے کیونکہ آپ کو انصاف دلانا میری ذمہ داری ہے۔ میں اور پنجاب حکومت آپ کے ساتھ کھڑے ہیںاور حکومت آپ کی ہرممکن مدد کرے گی اورآپ کے خاندان کا پورا خیال رکھا جائے گا۔