خیبرپختونخوا، کورونا کے 40 نئے مصدقہ کیسز سامنے آگئے،ملک بھر میں تعداد 958 ہوگئی

پنجاب میں پہلی ہلاکت کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 7ہوگئی، سندھ میں وائرس سے متاثرہ افراد 407، پنجاب267، خیبرپختونخوا 78 ، بلوچستان میں تعداد110 ہوگئی

پشاوراسلام آباد(سٹاف رپورٹرایجنسیاں)کورونا وائرس سے پنجاب میں پہلی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں اس وباء سے اموات کی تعداد 7 ہوگئی ہے جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر متاثرہ افراد کی تعداد 958 تک پہنچ گئی ہے۔منگل کے روز ملک میں مجموعی طور پر 74 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے خیبرپختونخوا میں 40، پنجاب میں 21 اور سندھ میں 13 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔

نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 958 تک جاپہنچی ہے جبکہ مہلک وائرس سے اب تک 10 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے گلگت بلتستان اور سندھ میں 4، 4 اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس سے جاں بحق شخص لاہور کے میو ہسپتال میں زیر علاج تھا جس کی عمر57 سال تھی۔پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 21 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 267 ہوگئی ہے جس کی تصدیق پنجاب کے محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد میں 176 زائرین شامل ہیں جبکہ لاہور میں 59، ملتان 2، راولپنڈی 2، گجرات، 12، جہلم 3، گوجرانوالہ، 7، سرگودھا، فیصل آباد، منڈی بہاؤ الدین اور رحیم یار خان میں ایک، ایک کیس ہے۔

سندھ میں منگل کے روز مزید 13 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 407 تک جاپہنچی ہے۔ خیبر پختونخوا میں مزید 40 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 78 ہوگئی۔صوبائی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ تفتان سے ڈیرہ اسماعیل خان آنے والے زائرین میں سے 37 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 2کیسز پشاور اور ایک کیس جنوبی وزیرستان سے سامنے آیا۔

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ڈیرہ اسماعیل خان میں 53، پشاور میں 12، مردان میں 6، مانسہرہ میں 3، بونیر، چارسدہ، جنوبی وزیرستان اور کرک میں ایک، ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔خیال رہے کہ صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان میں گزشتہ روز کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے بعد متاثرہ کیسز کی تعداد 80 ہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ہمیں عوام خصوصاً معاشرے کے کمزور طبقے کی مجبوریوں کا بھر پور احسا س ہے، محمود خان

بنوں؍پاراچنار(نمائندگان شہباز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کے دیگر حصوں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔