خیبرپختونخوا: لیور ٹرانسپلانٹ اور بون میرو کا علاج صحت کارڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ

پشاور: معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش نے کہا ہےکہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے لیور ٹرانسپلانٹ اور بون میرو کا علاج صحت کارڈ پلس کے تحت مفت کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

کامران بنگش نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے فیصلوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے کامیاب جوان مراکز 2021 رولز کی منظوری دی ہے، مراکز میں نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں، ای گیمز، آئی ٹی اور انڈور اسپورٹس کا بندوبست کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے بلڈ ٹرانسفیوژن کو بھی صحت کارڈ پلس کے تحت لانے کی ہدایت کی ہے جب کہ احساس اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کےتحت 4 گاڑیاں بیت المال کو فراہم کی گئی ہیں ، پروگرام 11 اپریل سے شروع ہوگا۔

کامران بنگش کا کہنا تھا کہ کابینہ نے تاریخی رمضان المبارک پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ کابینہ نے ایم ٹی آئی اپیلٹ ٹریبونل لاء میں ضروری ترا میم اور 7 قبائلی اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اے این پی حکومت میں احتجاج کے دوران شہید 7 مظاہرین کو70 لاکھ روپے اسپیشل پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خیبر پختو نخوا کابینہ نے گندم کے فی من نرخ 1800 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

پختونوں کا قتل عام روکنا ہوگا، ریاست اپنی ذمہ داری نبھائے،ایمل ولی

پشاور(سٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ شہریوں …