پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز اور مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد شہر کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ اسپتال کی او پی ڈی بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال عاصم کا کہنا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کے سبب او پی ڈی کو چلانا ممکن نہیں، لیڈی ریڈنگ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن اسپتال کے طور پر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں صرف ضروری علاج کیا جائے گا، سروس گائنی، ہارٹ اٹیک، ایکسیڈنٹ سے متاثرہ مریضوں کے لیے ہوگی۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا معمول کے حالات نہیں ہیں عوام تعاون کریں۔
یاد رہے کہ پشاور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 28 تک پہنچ گئی ہے جب کہ دوسرے نمبر پر سوات ہے جہاں پر مثبت کیسز کی شرح 26 فیصد ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کےمطابق نوشہرہ میں کورونا مثبت کیسوں کی شرح 19 فیصد، بونیر میں 16 فیصد، مردان اور مالاکنڈ میں 12 فیصد جب کہ باجوڑ، چارسدہ اور صوابی میں 11 فیصد ہے۔