وقت آگیا سلیکٹرز عمران کو بچائیں گے یا پاکستان کو،امیر حیدر خان ہوتی

جعلی حکمرانوں نے ڈھائی سال میں ملک کو تاریکیوں میں دھکیل دیا ،ملاکنڈ کے عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ ووٹ چوری مزید برداشت نہیں کرینگے

ملاکنڈ(نمائندہ خصوصی)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ جعلی اور نالائق حکومت نے ملک کوتباہی کی راہ پر گامزن کیا اور اب وقت آگیا ہے کہ سلیکٹرز یا عمران کو بچائیں گے اور یا پاکستان کو۔ ملک پر مسلط کردہ جعلی حکمرانوں نے ڈھائی سال میں ملک کو تاریکیوں میں دھکیل دیا ہے۔

ملاکنڈ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے زیر اہتمام جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ آج ملاکنڈ کے عوام نے سلیکٹڈ حکومت کے خلاف فیصلہ سنادیا ہے کہ ووٹ چوری مزید برداشت نہیں کریں گے، پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتیں سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے اور عمران خان کو گھر بھیجنے پر متفق ہیں، ملک پر مسلط جعلی حکومت کا خاتمہ کر کے ملک میں حقیقی جمہوریت اور عوام کی حق حکمرانی کی بحالی تک پی ڈی ایم کی تحریک اور جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، دو سال بعد اپنی ناکامی کا اعتراف کرنیوالے کو ملک چلانے کا کوئی حق حاصل نہیں، عمران خان اپوزیشن میں تھا تو کہتا تھا مہنگائی تب آتی ہے جب حکمران چور ہو، 70 سال کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی آج ہے جس کا مطلب کہ عمران خان ہی سب سے بڑا چور ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام نے ملک میں جمہوریت اور امن کے لئے لازوال قربانیاں دی ہے اور ان کی قربانیوں ہی کی بدولت خیبر پختونخوا سمیت پاکستان بھر میں امن کا قیام ممکن ہوا،جب عوامی نیشنل پارٹی اورملاکنڈ کے عوام دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے تھے اس وقت صرف عمران خان ہی تھا جو دہشت گردوں کا نام لینے سے گھبراتا تھا اور دہشت گردوں کا وکیل بنا ہوا تھا۔

عمران خان اور اسکی کابینہ میں وہ لوگ شامل ہیں جو دہشت گردوں کو دفتر دینے کی بات کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں نئے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے اور یہ مطالبہ پاکستان کی ساری جمہوریت پسند عوام کا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

نیب کو وزیراعظم کے اختیارات کے غلط استعمال کا نوٹس لینا چاہیے‘عطاء اللہ تارڑ

لاہور (این این آئی)مسلم لیگ(ن)کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے …