کابل(این این آئی )افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں طالبان کے جنگجوں کے دو پولیس چیک پوسٹوں پر حملوں میں9افغان سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق طالبان کے جنگجوئوں نے قندوز میں دونوں پولیس چیک پوسٹوں پر ایک ساتھ حملہ کیا۔قندوز کے گورنر عبدالستار مرزاکوال نے بتایا کہ دہشت گردوں سے مقابلے میں 9 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
قندوز کی صوبائی کونسل کے رکن خلاالدین حاکمی نے کہا کہ حملوں میں 10 سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے۔طالبان کی جانب سے ابتدائی طور پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
افغان آرمی کے ترجمان عبدالہادی نظری نے کہا کہ قندوز شہر میں ایک اور حملے میں طالبان نے افغان ملٹری بیس پربم گرانے کے لیے ڈرون کا استعمال کیا، لیکن اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایک افغان ذرائع نے شناخت سامنے نہ لانے کی شرط پر بتایا کہ بم کے دھماکے سے ملٹری ہیلی کاپٹر کو نقصان پہنچا۔