خطے کے امن کیلئے افغانستان میں قیام امن ناگزیر ہے، وزیرخارجہ

دوشنبے(این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دوشنبے میں منعقدہ، نویں ”ہارٹ آف ایشیا ـ استنبول پراسس”کانفرنس کے موقع پرافغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں پاک، افغان دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ خطے، بالخصوص افغانستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں "ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس ،کے وزارتی اجلاس کا انعقاد، ایک مثبت اور احسن اقدام ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان کے مفاد میں ہے ،پاکستان، خطے میں امن کیلئے کی جانیوالی کاوشوں میں شراکت دار ہے ۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، خطے کے امن و استحکام کیلئے افغانستان میں قیام امن کو ناگزیر سمجھتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں افغانستان میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا ہمیشہ سے موقف رہا کہ افغان مسئلے کو طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا ۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان،جامع مذاکرات کے ذریعے، افغان مسئلے کے سیاسی حل کا حامی ہے ، بین الافغان مذاکرات کے نتیجے میں مثبت پیش رفت، افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت ،خطے میں امن کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

افغان صدر اشرف غنی نے وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دریں اثناء وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نویں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس اجلاس کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن کیلئے پاکستان کی کوششیں دنیا جانتی ہے ،ہم مستقبل پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ جب خطے میں امن ہو گا تو ہماری مضبوط علاقائی روابط کی سوچ آگے بڑھ پائے گی ،اس بات پر سب متفق ہیں کہ جامع مذاکرات کے علاوہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی مستقل حل نہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان سالہا سال سے یہی کہتا آ رہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور اب یہ بات سب کو ذہن نشین ہو چکی ہے جو کہ بہت بڑی کامیابی ہےـ

انہوں نے کہاکہ میں یہ ہرگز نہیں کہوں گا کہ ایسا کرنا آسان ہو گا یقینا مشکلات ہیں لیکن ہمیں آگے بڑھنا ہوگاـانہوںنے کہاکہ گزشتہ ورز میری ترک وزیر خارجہ کیساتھ اچھی نشست رہیـاستنبول کانفرنس کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا ـ بعد ازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی،تاجکستان کے دارالحکومت دشنبے میں منعقدہ ،نویں ہارٹ آف ایشیا ـ استنبول پراسس کے اجلاس میں شرکت کیلئے کانفرنس ھال پہنچے،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،تاجکستان میں تعینات پاکستانی سفیر عمران حیدر اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے ۔

یہ بھی پڑھیں

افغان صدر کی تین مراحل پر مشتمل امن روڈ میپ کی تجویز

کابل(این این آئی) ترکی میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کے دوران افغان صدر اشرف …