اسفندیار ولی خان کی ترجمان اے این پی بلوچستان کے قتل کی شدید مذمت

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے اے این بلوچستان کے ترجمان اسد خان اچکزئی کی بیرحمانہ شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی حفاظت ریاست اور حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

اے این پی سربراہ نے شدید غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسد خان اچکزئی پچھلے 4 مہینوں سے لاپتہ تھے، اے این پی نے ہر فورم پر ان کی باحفاظت بازیابی کے لئے آواز اٹھائی، عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹایا اور بلوچستان ہائی کورٹ میں ان کی باحفاظت بازیابی کے لئے پٹیشن دائر کی لیکن ریاست ان کی بازیابی میں ناکام رہی اور آج ان کی لاش ملی ہے۔

اسفیدیار ولی خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سینکڑوں کارکنوں کی لاشیں اٹھائی ہیں، مزید جنازیاٹھانے کی سکت نہیں رکھتے، ریاست اور متعلقہ اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ کسی شہری کی لاپتہ ہونے کے بعد اس کی لاش ملی ہو۔

عوامی نیشنل پارٹی نا صرف اس اقدام کی بھرپورمذمت کرتی ہے بلکہ مطالبہ کرتی ہے کہ اسد خان اچکزئی کے اغوا اور شہادت کی تحقیقات کی جائیں اور اس دلخراش واقعے میں ملوث کرداروں اور عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ اس طرح کے واقعات متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں، عوام سوال کررہے ہیں کہ یہ کون سے طاقتور لوگ اور قوتیں ہیں جو دن دیہاڑے لوگوں کو اغوا کر کے لے جاتے ہیں، ریاست ان کی باحفاظت بازیابی میں ناکام رہتی ہے اور کچھ دنوں بعد ان کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوجاتی ہیں۔

انہوں نے اے این پی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اسد خان اچکزئی کی شہادت صرف ان کے اہل خانہ کا غم نہیں بلکہ پوری عوامی نیشنل پارٹی کے لئے ایک دل اندوہ صدمہ اور سانحہ ہے، عوامی نیشنل پارٹی دکھ اور غم کی اس گھڑی میں اسد خان اچکزئی کے پورے خاندان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انصاف کے حصول تک سکون سے نہیں بیٹھے گی۔

یہ بھی پڑھیں

وفاقی کابینہ نے فلسطین کے لیے امدادی سامان بھجوانے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے فلسطین کے لیے امدادی سامان بھجوانے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم عمران خان …