بیرونی سرمایہ کاری اور صنعتکاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کر ینگے،وزیر اعظم

صنعتکاری کے شعبے میں ترقی سے ملکی آمدنی میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر ہوں گے، عمران خان کا اجلا س سے خطاب

اسلام آباد (این این آئی) و زیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری اور صنعتکاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،صنعت کاری کے شعبے میں ترقی سے ملکی آمدنی میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر ہوں گے۔

جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کے نفاذ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیر صنعتی پیداوار حماد اظہر، مشیرِ تجارت عبد الرزاق داؤد، مشیرِ خزانہ عبد الحفیظ شیخ، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاونِ خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود، چیئرمین بی او آئی عاطف بخاری، چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی، چیئرمین پی ٹی اے میجر ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزارت صنعتی پیداوار کی جانب سے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کے نفاذ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ موبائل فون کے حوالے سے پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے ، ملک میں سالانہ تقریبا چار کروڑ موبائل فون خریدے جاتے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈی آئی آر بی ایس سسٹم کے اطلاق کے بعد ملک سے موبائل فون اسمگلنگ کا خاتمہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ریونیو 22 ارب سے بڑھ کر 54 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

بتایا گیا کہ اس سسٹم کے اطلاق کے بعد اب کئی انٹرنیشنل کمپنیاں پاکستان میں مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ کے لئے بھی دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مقصد ملک میں صنعتی پیداوار کو بڑھا نا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرونی سرمایہ کاری اور صنعتکاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صنعت کاری کے شعبے میں ترقی سے ملکی آمدنی میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں

پی ڈی ایم بغیر کسی منزل کے رواں ہے ،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

مفادات کی بنیاد پر بننے والا اتحاد کبھی کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکتا، عوام …