وزیراعظم کے پارلیمنٹ میں ڈیرے، گلے، شکوے اور یقین دہانیاں

زبانی کلامی وعدوں کا وقت اب ختم ہو چکا ، مسائل کو حل نہ کیا گیا تو آئندہ اتحاد برقرار رہنا مشکل ہو جائیگا، خالد مقبول کی عمران خان سے گفتگو


اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم عمران خان سے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں سینیٹ الیکشن سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز ایم کیو ایم کا وفد پارلیمنٹ ہائوس پہنچا جہاں انہوں نے وزیر اعظم کے چیمبر میں عمران خان سے ملاقات کی ،اس موقع پر وزیر اعظم نے وفد سے حکومتی امید وار کو ووٹ دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اہم اتحادی ہے اور مستقبل میں بھی اتحاد کو برقرار رکھا جائے گا ،اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے متحدہ پارٹی کی جانب سے اپنے تحفظات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ زبانی کلامی وعدوں کا وقت اب ختم ہو چکا ہے ،اس وقت عوام کے مسائل بہت ہیں اور ان مسائل کو حل کرنے کیلئے عوام سے ووٹ مانگتے ہیں اگر ان مسائل کو حل نہ کیا گیا تو آئندہ اتحاد برقرار رہنا مشکل ہو جائیگا ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کے وفد کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی کہ سینیٹ الیکشن کے بعد ذاتی طور پر تمام معاملات کو دیکھوں گا ۔

بعد ازاں وزیر اعظم سے وزیرِ تعلیم شفقت محمود، راجا ریاض احمد، رضا نصراللہ گھمن اور خرم شہزاد نے بھی ملاقات کی ۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور حفیظ شیخ نے ملاقات کی ۔ملاقات میں سینیٹ الیکشن اور پنجاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعلی پنجاب نے اراکین قومی اسمبلی سے ملاقاتوں اور انکے مسائل بارے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے تمام اراکین کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کر دی۔حفیظ شیخ نے حکومتی اور اتحادی ارکان سے ملاقات بارے آگاہ کیا۔ حفیظ شیخ کا کہنا تھا اسلام اباد کی نشست سے وہ کامیابی حاصل کریں گے۔

انہوں نے تمام اتحادیوں کی جانب سے بھی ووٹ کی یقین دہانی کرائی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کے لیے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں۔میں اسی لیے شفاف انتخابات کیلئے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا۔ انہوں نے کہا ہمارے اراکین کو خط لکھے جارہے ہیں رابطے ہورہے ہیں مگر ہم متحد ہیں۔

انہوں نے کہا پنجاب میں افہام و تفہیم سے سینیٹ کی نشستوں کا معاملہ حل ہونا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا اپوزیشن پیسہ بھی لگائے گی لالچ بھی دے گی مگر اسلام آباد کا معرکہ حفیظ شیخ ہی جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کرپٹ ٹولا یہاں آبیٹھا ہے ان کی کرپشن کی داستانیں عوام جانتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

کوروناوائرس سے مسلسل چوتھے روز 5 ہزار سے زائد افراد متاثر، 114 انتقال کر گئے

متعدد اقدامات کے باوجود پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ …