وزیراعظم کا ملک بھر میں کچن ٹرک کا جال بچھانے کا اعلان

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ پورے پاکستان میں کچن ٹرک کا جال بچھائیں گے، پشاور اور فیصل آباد میں پروگرام شروع ہوگیا ہے جس سے مستحق اور پسماندہ طبقہ مستفید ہوگا،جب ایک ریاست مستحق افراد کے گھر کھانا پہنچانے کی ذمہ داری لے گی اور مستحق افراد دو وقت کی روٹی کھا سکیں گے تو اللہ کی برکت پاکستان پر نازل ہوگی،دوسرے شہروں سے مزدوری کے لیے آئے مزدوروں کے لیے مزید پناہ گاہ کھولیں گے۔

احساس کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کو لاہور، پشاور اور فیصل آباد تک وسعت دینے کی ورچوئل افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں کچن ٹرک کا جال بچھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مقصد کے تحت وجود میں آیا تاہم اس راستے پر نہیں چل سکا، آج ہم پر زیادہ قرضے ہیں اور عوام پر پیسہ خرچ کرنے کے لیے محدود وسائل ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس کے باوجود اللہ کا ہمیں حکم ہے کہ اس راستے پر چلیں تو یہ راستہ قانون کی بالا دستی اور انسانیت کا راستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری کلیدی ذمہ داری ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقے کی دیکھ بھال کو قبول کریں۔

عمران خان نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ کے پروگرام کے آغاز پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ابھی آپ کو اندازہ نہیں کہ یہ کتنا بڑا کام شروع کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ جب ایک ریاست مستحق افراد کے گھر کھانا پہنچانے کی ذمہ داری لے گی اور مستحق افراد دو وقت کی روٹی کھا سکیں گے تو اللہ کی برکت پاکستان پر نازل ہوگی کیونکہ یہ میرا ایمان ہے۔اس موقع پر سیلانی ٹرسٹ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ بڑے خوش قسمت لوگ ہیں جو کام آپ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل جہاں کی عوام سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ شوکت خانم ہسپتال کی تعمیرات کے وقت عوام نے ثابت کردیا اور ان کے تعاون سے آج مریضوں کا مفت علاج ہورہا ہے۔انہوںنے کہاکہ پشاور اور کراچی میں بھی کینسر ہسپتال تعمیر ہورہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شوکت خانم ہسپتال 25 برس قبل فعال ہوا اور اب تک غریب مریضوں کے علاج پر 50 ارب روپے خرچ کرچکا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دوسرے شہروں سے مزدوری کے لیے آئے مزدوروں کے لیے مزید پناہ گاہ کھولیں گے۔قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے ایک ساتھ تین شہروں لاہور، پشاور اور فیصل آباد میں پروگرام ’احساس کوئی بھوکا نہ سوئے‘ کا افتتاح کیا۔تقریب میں دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پروگرام میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں

غزہ پر اسرائیلی حملے: وزیر خارجہ صورتحال پر دنیا کی توجہ مبذول کرانے ترکی پہنچ گئے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان غزہ پر حملے روکنے کے …