پی ڈی ایم بننے کے بعد وزیر اعظم کو ملک میں مہنگائی کا خیال آیا‘سکندر شیرپاو

صوابی(نمائندہ شہباز)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیر مین سکندر حیات خان شیر پاو نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں بد ترین مہنگائی ، نا اہل اور ناکام حکمرانوں کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی اتحاد ”پاکستان ڈیمو کریٹک مومنٹ”کی تحریک کامیابی کے ساتھ چل پڑی ہیں ۔ پی ڈی ایم کے بننے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کو ملک میں مہنگائی کا خیال آیا۔ اس لئے دو روز قبل کابینہ کے اجلاس میں بتایا کہ وہ مہنگائی کا نوٹس لے کر اس پر توجہ دینگے کیا اس سے قبل اقتدار میں آنے کے بعد اڑھائی سال سوئے ہوئے تھے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے قومی وطن پارٹی کی آٹھویں یوم تاسیس کے حوالے سے ضلعی چیر مین مسعود جبار کی صدارت میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے کیا جس سے مرکزی سینئرنائب چیئر مین احمد نواز خان جدون ، صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری افتخار خان ، سیکرٹری کلچر ڈاکٹر عالم خان ، ضلعی چیئرمین مسعود جبار ، شاہین شاہ باچا ، غلام یوسف ، تاج نواب ، ایوب خان اور برھان اللہ ، عدنان خان ، شاہد خان اور دیگر نے بھی خطا ب کیا۔

اس موقع پر منظور کر دہ قرار دادوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے گدون صنعتی بستی کو مراعات دینے ، دوبیان ، اسماعیلہ انٹر چینج کے نام تبدیل نہ کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے کارکنان اپنے قائدین آفتاب احمد خان شیر پاو اور سکندر حیات شیرپاو پر مکمل اعتماد کر کے ان کے خدمات کو خرا ج تحسین پیش کر تے ہیں اور ان کے فیصلے کے مطابق پی ڈی ایم کی تحریک میں ہر اول دستے کا کر دار ادا کرینگے ۔

سکندر حیات خان شیر پاو نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ملک میں بد ترین مہنگائی سابقہ پی پی پی ، پی ایم ایل این اور دیگر حکومتوں کی وجہ سے نہیں بلکہ موجودہ حکومت کی ناکام اورغلط پالیسیوں اور آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والی معاہدوں کے نتیجے میں آئی ہے۔ عوامی جلسوں سے آج یہ ثابت ہو گیا کہ سلیکٹڈ حکومت عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی ہے اور نہ ہی قوم پر مسلط کئے گئے جعلی سیاستدان عوام کے نبض پر ہاتھ رکھ کر انکے مسائل سمجھتے ہیں ‘عمران خان اقتدار سے پہلے عوام سے کہہ رہے تھے کہ گھبرانہ نہیں لیکن اب جبکہ پی ڈی ایم بن چکی ہے اور اس کے جلسوں میں عوام اور اپوزیشن قیادت عمران سے استعفیٰ دینے کا کہہ رہی ہے لہٰذا اب عمران خان کو گھبرانا نہیں چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اس لئے وزیر اعظم کا ٹائیگر فورس کو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر نظر رکھنے کی ہدایت مسترد کر تے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کا مقصد پختون قوم کی صحیح طور پر نمائندگی اور وسائل پر پختونوں کا حق دلانا ہے تاکہ پسماندہ پختون قوم باعزت طریقے سے زندگی گزارنے کے قابل ہو سکے.

انہوں نے کہا کہ اگر آج فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام ہوا ہے اس میں قومی وطن پارٹی اور آفتاب احمد خان شیر پاو کا کر دار اور جدوجہد شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018کے الیکشن میں بعض قوتیں ہی نہیں چاہتی تھی کہ پارلیمنٹ میں پختون قوم کی موثر نمائندگی ہو جو ان کے حقوق کے لئے پارلیمنٹ کے اندر موثر کر دار ادا کر سکے لیکن پارلیمنٹ میں نہ ہونے کے باوجود باہر بھی آفتاب احمد خان شیر پاو کی قیادت میں قومی وطن پارٹی کے قائدین اور کارکنان پختون قوم کے حقوق کے لئے اپنا بھر پور کر دار ادا کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

PDM Nowshera protest

عمرانی کورونا کو ایک پل بھی ماننے کو تیار نہیں، میاں افتخار حسین

نوشہرہ : عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری و پاکستان ڈیوکریٹک موومنٹ (پی ڈی …