براڈ شیٹ پانامہ ٹو بننے جارہا ہے، بہت کچھ سامنے آجائیگا، شیخ رشید

لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں کوئی اتحادی عمران خان سے پیچھے نہیں ہٹ رہا اور پنجاب میں کم ہونے کے بجائے ایک سیٹ بڑھے گی۔

لاہور میں امن وامان کے حوالے سے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ شید نے کہا کہ پی ڈی ایم نے جس طرح الیکشن کمیشن کے باہر اپنا رویہ رکھا اگر یہی رویہ رکھیں گے تو ہم ان سے تعاون کے لئے تیار ہیں ۔ یہ خوش آئند ہے کہ اپوزیشن سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہی ہے اور استعفوں کے فیصلے کو موخر کیا ہے ۔ یہ تین باتیں سن لیں حکومت نہ اسرائیل کو تسلیم کر رہی ہے، نہ ختم نبوت میں کوئی ترمیم اور نہ ہی کشمیر کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ کیا جارہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے ہیں لیکن عمران خان کی ان سے زیادہ خدمات ہیں اور انہوں نے اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر اس مسئلے کو اٹھایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ براد شیٹ کے معاملے پر انہیں جسٹس عظمت سعید قبول نہیں، کیا ان کے لئے جسٹس افتخار اور جسٹس قیوم ہوں ، جسٹس عظمت سعید غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل او رعظیم جج ہیں ، یہ ریکارڈ پر رکھ لیں کہ بالآخر اس کا بڑے پیمانے پر فیصلہ ہونا ہے، ابھی یہ ایسے ہی چلے گا لیکن دیکھنا یہ ہے کہ یہ کیا رخ اختیار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج فضل الرحمان کو قائد اعظم کا مزار یاد آ گیا ہے انہوں نے پہلے جو باتیں کی تھیں انہیں یہاں دہرانا بھی مناسب نہیں۔ ختم نبوت کے معاملے پر تو فضل الرحمان اور (ن) لیگ نے ووٹ دئیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سینیٹ انتخابات میں وزیر اعظم سے پیچھے نہیں ہٹ رہا بلکہ تحریک انصاف کی پنجاب میں ایک آدھ سیٹ بڑھے گی، میری بات ریکارڈ کر لیں کہ جو لوگ یہ سوچے بیٹھے ہیں کہ عمران خان سپریم کورٹ میں اس لئے جارہا ہے تاکہ ووٹ نہ کم ہوں تو سینیٹ انتخابات پنجاب میں سیٹ کم ہونے کے بجائے ایک سیٹ بڑھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمان ویسے ہی ان کے پیچھے لگے ہوئے ہیں، وہ خراب ہوں گے، میں سمجھتا ہوں کہ فضل الرحمن نے اسرائیل، کشمیر، ختم نبوت کے نام پر اس قوم کا بڑا وقت ضائع کیا ہے، اس ملک میں کسی کی جرات ہے کہ وہ ان چیزوں کے خلاف ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں

مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے عوام کی فرسٹریشن عروج پر ہے، سراج الحق

قوم اب تحریک انصاف کے سونامی سے پناہ مانگنے لگی ہے، گزشتہ 5 حکومتیں وعدے …