ملٹی نیشنل کمپنیاں تمباکو کاشتکاروں کا استحصال بند کریں، افضل خاموش

کم آمدنی کے باعث کاشتکاروں کومشکلات کا سامنا ہے، چیئرمین مزدور کسان پارٹی

چارسدہ(نمائندہ شہباز)چیئر مین مزدور کسان پارٹی افضل خاموش نے کہا ہے کہ زندگی کے دوسرے شعبوں کے طرح ملٹی نیشنل کمپنیاں کسانوں اور مزدوروں کے استحصال میں کئی دہائیوں سے مصروف عمل ہیں۔ روزنامہ شہباز سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دو بڑی ملٹی نیشنل کمپنیاں تمباکو کے کاشتکاروں اور خاص طور پر چھوٹے کاشتکاروں کا شدید استحصال کررہی ہیں جس میں پاکستان ٹوبیکو کمپنی اور لیکسن ٹوبیکو کمپنی سر فہرست ہے یہ کمپنیاں نہ صرف یہ کہ کھاد اور کیڑے مار ادویات مہنگے داموں کاشتکاروں کو بیچتی ہیں بلکہ اگر کوئی کاشت کار نہ خریدے تو اسے دھمکی دی جاتی ہے کہ اس کی پیداوار نہیں خریدی جائے گی

 فصل مکمل ہونے پر یہ کمپنیاں تمباکو کو مختلف گریڈ میں تقسیم کرتی ہیں اور اوّل و دوئم گریڈ کے تمباکو کو خرید کر کم درجے کے تمباکو نہیں خریدتی، جس کے باعث کاشتکاروں کو ہر سال نقصان اُٹھانا پڑتا ہے۔ اگلے سال پھر کمپنیوں کے جھوٹے وعدوں پر کاشت کار یقین کرلیتے ہیں، کم آمدنی کے باعث ان کاشتکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مرکزی سطح پر پاکستان ٹوبیکو بورڈ بناہوا ہے جس میں چند بڑے زمیندار کاشت کاروں کے نمائندوں کے طور پر شامل ہیں۔

حقیقی نمائندگی نہ ہونے کے باعث ان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ تمباکو کی صنعت اس ملک اور خاص طور پر صوبہ پختونخوا کی ایک بڑی صنعت ہے جس سے ملک بھر میں 15 لاکھ سے زائد افراد کی زندگی وابستہ ہے جبکہ 5 لاکھ سے زائد محنت کشوں کا روزگار اس شعبے سے وابستہ ہے۔

یہ سیکٹر حکومت کو ٹیکس کی مد میں اربوں روپے ادا کرتا ہے بلکہ ایکسپورٹ کے ذریعے زرمبادلہ کمانے کا بھی باعث ہے مگر تمباکو پیدا کرنے والے کاشت کاروں کی حالت بہت خراب ہے۔انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ صوبائی ٹوبیکو بورڈ کی سطح پر حقیقی نمائندوں کو شامل کیا جائے۔ کاشت کاروں کے لیے سہولیات کا انتظام کیا جائے۔

مڈل مین کے رول کو ختم کرنے کے لیے کمپنیوں کو پابند کیا جائے کہ وہ تمام کاشت کاروں سے ہر قسم کا تمباکو خریدیں۔ چھوٹے کاشتکاروں کو سوشل سیکورٹی کی سہولیات مہیا کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں

عوامی نیشنل پارٹی کا یوم تاسیس بھر پور طریقے سے منایا جائیگا،ملک فرہاد خان

کارکن اپنے گھروں ، گاڑیوں اور سڑکوں پر پر سرخ جھنڈے لگائیں گے، ضلعی صدر …