اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیےحکومتی اتحاد ی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) سے ووٹ لینے کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے۔
پی ڈی ایم کے سیکریٹری جنرل و مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے شوکاز نوٹس جاری کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نوٹسز پارٹی سربراہان بلاول بھٹو زرداری اور اسفند یار ولی خان کے نام بھجوائے گئے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شوکاز نوٹسز میں پیپلز پارٹی سے جواب مانگا ہے کہ آپ نے حکومتی ارکان کا ووٹ کیوں حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کی منظوری سے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، نوٹسز واٹس ایپ کر دیے ہیں اصل کاپی آج سینیٹ اجلاس کے دوران دے دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کو جواب کے لیے 7 دن دیے گئے ہیں، جو جواب آئے گا اسے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کیا جائے گا جبکہ سربراہی اجلاس آئندہ کی کارروائی پر فیصلہ کرے گا۔