پشتونخواملی عوامی پارٹی نے پٹرول قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

یہ مافیا کے سامنے بے بسی نہیں بلکہ مافیا کے ساتھ گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے، صوبائی پریس ریلیز

کوئٹہ(آن لائن) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فی الفور اس اضافہ کو واپس لیکر عوام ریلیف دیا جائے ۔

پارٹی بیان میں سلیکٹڈ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمتوں میں 26 روپے تک کے ایک ہی رات میں اضافے کو تاریخی اضافہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ مافیا کے سامنے بے بسی نہیں بلکہ مافیا کے ساتھ گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے ۔ سلیکٹڈ حکمرانوں کا روز اول سے کوئی بھی اقدام عوام دوست نہیں رہا ہر شعبہ زندگی میں عوام کو شدید طور پر مشکلات سے دوچار کرکے ملک میں بدترین مہنگائی ، غربت ، بھوک وافلاس کاماحول بنادیا گیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کوئی نہیں بات نہیں سلیکٹڈ حکومت نے بجلی ، گیس ، آٹا ، چینی، گھی ، کھاد اشیاء خوردونوش واشیاء ضرورت سمیت ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام سے دووقت کی روٹی اور محنت مزدوری کرنے کے تمام مواقع چھین لیئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست مدینہ کے دعویدار اور ان کے حمایتی اس ملک کو ہرقسم کے بحرانوں میں دھکیل چکے ہیں اور اب سر پکڑ کے بیٹھے ہیں ان کی نااہلی ، ناتجربہ کاری نے تمام غریب عوام بالخصوص مزدوطبقہ سے جو دو وقت کی محنت مزدوری کرتے تھے ان کے گھروں کے چولہے بجھ چکے ہیں ۔ جبکہ حکمران عیش وعشرت کے ساتھ عوام کے خزانے کی رقم سے سرکاری گاڑیوں اور گھروں میں آرام سے اپنی زندگی بسر کررہے ہیں۔

بیان میں کہا گیاکہ اگر سلیکٹڈ حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو کم سے کم عوام پر مزید مہنگائی ، ٹیکسز کے بوجھ ڈالنے سے گریز کرے ورنہ وہ دن دور نہیں جب عوام سڑکوں پر نکل آکر ان سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف سراپا احتجاج ہونگے۔

یہ بھی پڑھیں

ناقص پالیسیوں، معاشی بدحالی اور ناکام بجٹ کے خلاف اے این پی خواتین کااحتجاجی مظاہرہ

پی ٹی آئی کی وجہ سے ہر سیکٹر شدید ترین بحران کا شکار ہے،سلیکٹڈ حکمرانوں …