حکمران عدم برداشت اور غصہ و نفرت کے کلچر کو فروغ دے رہے ہیں، سراج الحق

حکومت میں بیٹھے لوگوں نے سیاست کو سازشوں اور الزامات کا کھیل بنایا ، گورننس میں بہتری کے دعویداروں نے عوام کے دکھوں میں اضافہ کردیا

لاہور(نمائندہ شہباز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت میں بیٹھے ہوئے لوگوں نے سیاست کو سازشوں اور الزامات کا کھیل بنا دیا ہے ۔حکمران عدم برداشت اور غصہ و نفرت کے کلچر کو فروغ دے رہے ہیں۔گورننس میں بہتری لانے کے دعویداروں نے عوام کے دکھوں میں اضافہ کردیا ہے ۔غیر سیاسی اور غیر منتخب لوگوں نے حکومت کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔حکومت بدترین گورننس کا نمونہ ہے ،پی ٹی آئی نے اپنا منشور اور عوام سے کئے گئے تمام وعدے بھلادیئے ہیں۔

دوسال کے بعد بھی حکومت کی کوئی سمت ہے اور نہ منزل ۔عمران خان کی وزیر اعظم بننے کی خواہش پوری ہوگئی ،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔زراعت کی ترقی کے بغیر ملکی معیشت میں بہتری نہیں آسکی۔جب تک کسانوں کو کھیت اور مزدوروں کو کارخانے کی پیداوار میں شامل نہیں کیا جاتا کسانوں اور مزدوروں کے دن نہیں پھر سکتے ۔دولت کی غیر منصفانہ تقسیم اور غریبوں کامعاشی استحصال ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بڑی رکاوٹ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جے آئی کسان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور نائب امیرمیاں محمد اسلم بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں زراعت کی بہتری اور کسانوں کی فلاح و بہبود کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔کسان اس لئے بھوکا سونے پر مجبور ہے کہ ملک میں جاگیرداری کا ظالمانہ نظام مسلط ہے ،اس نظام نے 73سال سے پاکستان کی زراعت کو جکڑ رکھا ہے ۔

زمین چند خاندانوں اور دولت چند ہاتھوں میں سمٹ گئی ہے ۔کسان اپنا خون پسینہ ایک کرنے کے باوجود اپنے بچوں کو پیٹ بھر کا کھلا سکتا ہے اور نہ انہیں پڑھا سکتا ہے ۔لوگ ٹیکس دیتے ہیں اور وہ سارا ٹیکس جاگیر داروں اور کارخانہ داروں کی عیاشیوں پر خرچ ہوجاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے 42 قسم کا ٹیکس لیا جارہا ہے ۔ظلم یہ ہے کہ جو ٹیکس صابن بنانے والے کارخانہ کے چوکیدار سے لیا جاتا ہے وہی اس کارخانے کے ملک سے لیا جاتا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں

ناقص پالیسیوں، معاشی بدحالی اور ناکام بجٹ کے خلاف اے این پی خواتین کااحتجاجی مظاہرہ

پی ٹی آئی کی وجہ سے ہر سیکٹر شدید ترین بحران کا شکار ہے،سلیکٹڈ حکمرانوں …